زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں اور انکی قربانی کو اپنے لئے فخر کا تاج بناتی ہیں: فرحت دلبر قادری
فیصل آباد (16 اپریل 2015) منہاج القرآن ویمن لیگ کی ضلعی نائب صدر فرحت دلبر قادری نے کہا ہے کہ سفاک حکمرانوں اور دہشت گردوں نے17 جون کو ماڈل ٹاؤن میں معصوم شہریوں کو شہید کر کے پوری قوم کو یہ پیغام دیا کہ انکے سینوں میں دل نہیں پتھر ہیں، اس لئے ایسے ظالم درندوں کے خلاف پوری قوم کو صف آراء ہونا ہوگا۔ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں اور انکی قربانی کو اپنے لئے فخر کا تاج بناتی ہیں۔ پوری قوم کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں شہدائے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ساتھ کھڑی ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بنا ئی گئی حکومتی JIT عدل و انصاف اور شہدا کے خون سے مذاق ہے۔ شہداء کے خون سے نہ تو بے وفائی ہو گی اور نہ ہی انقلاب مؤخر ہوگا۔ انقلاب 20 کروڑ عوام کا مقدر سنوارنے کیلئے ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بنائی گئی یکطرفہ JIT بے مقصد اور فراڈ پر مبنی ہے جس کو پاکستان عوامی تحریک مسترد کرچکی ہے، قاتل پولیس مدعی بن بیٹھی ہے۔ من گھڑت شہادتیں اور جھوٹے ثبوت پیش کر کے عدل و انصاف اور شہداء کے خون سے مذاق کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرناظمہ روبینہ خاکی، قمرالنساء علی، عظمیٰ طفیل، شمائلہ انجم، غزالہ واحد، اقراء اکبر اور طاہرہ بھی موجود تھیں۔
فرحت دلبر قادری نے کہا کہ آج سانحہ ماڈل ٹاؤن کو 10 ماہ گزر گئے، ہم اپنے شہداء بھائیوں اور بالخصوص اپنی شہید بہنوں سے یہ عہد کرتی ہیں کہ حالات چاہے کتنے ہی کٹھن ہوں انکا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ نام نہاد حکمرانوں سے انتقام انقلاب کی صورت میں لے کر رہیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے شہداء نے ثابت کر دیا کہ طاغوتی قوتیں ہمارے عزائم کو ڈگمگا نہیں سکتیں۔
تبصرہ