دولت کی ہوس نے اسلامی معاشرتی اقدار کو تباہ کر دیا: امیر تحریک منہاج القرآن

تاجر و دکاندار اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو راضی کرنے کیلئے جائز منافع کمائیں
ہر اقدام میں تجاوز گمراہی ہے، اللہ نے ہمیں اعتدال والی امت بنایا، جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب

لاہور (17 اپریل 2015) امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دولت کی ہوس نے اسلامی معاشرتی اقدار کو تباہ کر دیا۔ تاجر دوکاندار اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو راضی کرنے کیلئے صرف جائز منافع کمائیں، غریب اور کم آمدنی والی مخلوق خدا سے زندہ رہنے کا حق نہ چھینا جائے۔ اللہ مظلوموں اور ضرورت مندوں سے پیار کرنے والوں سے پیار کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ افراط و تفریط اور ہر اقدام میں تجاوز گمراہی ہے اللہ نے امت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اعتدال والی امت کا اوصاف بخشا، انسانی رویوں میں شدت اسلامی اور قرآنی تعلیمات اور اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلاف ہیں۔ مسلمان میانہ روی اختیار کریں اور لاتعداد نفسیاتی عوارض سے نجات پائیں۔ انہوں نے کہا کہ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا کا ہر معاشرہ سماجی عوارض سے نجات پا سکتا ہے۔ اسلامی تعلیمات اور قرآنی فلسفہ حیات دنیا کے ہر معاشرہ سے تعلق رکھنے والوں کیلئے ذریعہ نجات ہے۔ سچ بولنا، سادہ طرز زندگی اختیار کرنا، صبر اور تقویٰ کی نعمتوں سے اس دنیا کو حقیقی امن اور سکون کا گہوارہ بنایا جا سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ آج آجر اور اجیر، مالک اور ملازم، حاکم اور ماتحت کے درمیان نفرت اور حسد کی بنیادی وجہ محنت سے زیادہ کمانے کی کوشش اور محنت سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے کی ہوس ہے۔ اس برائی کے باعث بدامنی اور بے چینی مقدر بن کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اپنے اعمال اور افعال کا محاسبہ کرے اور ہم سب اپنے آپ سے ایک سوال ضرور کریں کہ کیا ہم وہی کررہے ہیں جس مقصد کیلئے پیدا کیے گئے اور دائرہ اسلام میں داخل کیے گئے؟‎

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top