موجودہ حکمرانوں کی سوچ فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ سے متصادم ہے: خرم نواز گنڈا پور‎

مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیر یوں کی شہادت پر تشویش ہے
اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے پیغام خودی سے رہنمائی لے کر ان نا اہل سیاستدانوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی
قوم 25اپریل کو پاکستان عوامی تحریک کے امیدواروں کو کامیاب بنا کر حقیقی جمہوری شعور کا ثبوت دیں‎
عوامی تحریک کے زیر اہتمام علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے 77ویں یوم وصال کے موقع پرمیں منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب

لاہور (20 اپریل 2015) پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام حکیم الامت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے 77ویں یوم وصال کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی و ضلعی قائدین کے علاوہ منہاج القرآن علماء کونسل کے عہدیداران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان کو ان مشکل حالات تک پہنچانے والا کوئی اور نہیں کرپٹ سیاستدان اور فرسودہ نظام انتخاب ہے۔ جس ملک کو جنوبی ایشیاء کا حقیقی لیڈر ہونا چاہیے تھا وہ معاشی اور سیاسی لحاظ سے اس قدر کمزور بنا دیا گیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے کرنے میں آزاد بھی نہیں رہا یہ سب اس لئے ہے کہ ہم نے فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ سے ناطہ توڑ لیا ہے۔ موجودہ حکمرانوں کی سوچ فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ سے متصادم ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق اپنی ترجیحات طے کریں۔ دعائیہ تقریب میں ساجد بھٹی، سید فرحت حسین شاہ، رانا محمد ادریس، جواد حامد، بشارت جسپال، راجہ زاہد محمود، فرح ناز، عائشہ شبیر، عطیہ بنین، چودھری افضل گجر و دیگر بھی موجود تھے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیر یوں کی شہادت پر تشویش ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بھی تسلیم کرے اور مسئلہ کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بنیادی پالیسیوں کے خدو و خال علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی سوچ سے ہم آہنگ ہو جائیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم زوال سے پلٹ کر ترقی کا سفر نہ شروع کر سکیں۔ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے پیغام خودی سے رہنمائی لے کر ان نا اہل سیاستدانوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام امانت، دیانت، ستھری سیاست، آئین و قانون اور عدل و انصاف کے دشمن موجودہ کرپٹ سیاستدانوں کو مسترد کر دیں۔ قوم کو بلدیاتی الیکشن میں کھرے اور کھوٹے کی پہچان کرنا ہو گی۔ قوم کو ملکی مفاد میں فیصلہ کرنا ہونگے۔ معصوم لوگوں کے قاتلوں کو ووٹ دینے کی بجائے قوم شعور و آگہی کی چھتری تلے 25اپریل کو پاکستان عوامی تحریک کے امیدواروں کو کامیاب بنا کر حقیقی جمہوری شعور کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ 11مئی کے نام نہاد الیکشن تماشے کو قوم نے دیکھ لیا، 25اپریل کو جمہوریت کے نام ایک بار پھر ن لیگ کے کرپٹ حکمران عوام سے جھوٹے وعدے کر کے اور دھن، دھونس، دھاندلی سے الیکشن جیتنے کی کوشش کرینگے۔ حکمرانوں نے غریب عوام کو سوائے بھوک، افلاس، بے روزگاری، دہشت گردی اور عدم تحفظ کے سوا کچھ نہیں دیا۔ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں میں نقیب لگانے والوں نے اسکے جغرافیے کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top