ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک کے کارکنوں کوشہید کرنے والوں کو منطقی انجام تک پہنچا کے دم لیں گے: احسان اللہ ایڈووکیٹ
اسلام آباد (24 اپریل 2015ء) پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد لائرز ونگ کے صدر احسان اللہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک کے کارکنوں کو شہید کرنے والوں کو منطقی انجام تک پہنچا کے دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ جاری کر کے عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کرنا ارباب اختیار کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عوامی تحریک کے 14 کارکنوں کے قتل میں ملوث ہیں، انتقامی کارروائیاں بھی عوامی تحریک کے خلاف ہو رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک وکلاء ونگ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عزیزاللہ مروت ایڈووکیٹ، احمد یار گوندل ایڈووکیٹ، محسن بھٹی ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا بلدیاتی نظام حکومت عوامی خدمت کا ایک موثر اور قابل عمل ذریعہ ہوتے ہیں، مگر ہمارے حکمران بلدیاتی اداروں کے وسائل اور اختیارات پر قبضہ کئے بیٹھے ہوئے ہیں۔ عوامی تحریک عوام کی تائید کے ذریعے قومی وسائل ان کے قبضے سے واگزار کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی اداروں کے نہ ہونے کے باعث شہری مسائل میں بے تحاشا اضافہ ہوا، اب حکمران الیکشن قریب دیکھ کر ترقیاتی فنڈز کا اجراء کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے 10 نکاتی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے کوشاں ہے اور اس کے نفاذ تک اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔
تبصرہ