انقلاب کا سفر جاری ہے، انقلاب کا یہ قافلہ خوشحالی اور نظام کی تبدیلی کی منزل تک پہنچ کر ہی دم لے گا: میاں کاشف محمود
فیصل آباد (30 اپریل 2015ء) تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ناظم میاں کاشف محمود نے کہا ہے کہ وی آئی پی اور صوابدیدی کلچر نے نظریہ پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ کرپٹ اور حادثاتی لیڈر شپ کی وجہ سے عوام کا جمہوریت اور ریاست سے رشتہ کمزور ہوا۔ ہم اس رشتے کو مضبوط بنانے کیلئے آخری حد تک جائینگے اور اس جدوجہد میں جان و مال کی قربانیاں کوئی بڑی بات نہیں ہوگی۔ ہم آنے والی نسلوں کیلئے ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ انقلاب کا سفر جاری ہے، انقلاب کا یہ قافلہ خوشحالی اور نظام کی تبدیلی کی منزل تک پہنچ کر ہی دم لے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی اور تحصلی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رانا غضنفر علی، امیر علماء کونسل عزیزالحسن اعوان، رانا رب نواز انجم، خالد محمود رندھاوا، غلام مرتضیٰ، غلام محمد قادری، مدثر فاروق، خالدرفیق سندھو، عامرحسین، رانا عبدالمجید اور عبدالرشیداعوان بھی موجودتھے۔
میاں کاشف محمود نے کہاکہ ہم نے اپنے کارکنوں کا کسی بھی مرحلہ پر ساتھ نہیں چھوڑا جس طرح کارکنوں نے انصاف کے نظام کیلئے قربانیاں دیں اسی طرح قیادت نے بھی شانہ بشانہ قربانیاں دیں۔ ہماری منزل انقلاب ہے، کارکن عوامی تحریک کو فیصل آباد کی ہر گلی اور گاؤں میں منظم کریں۔ انہوں نے کہا کہ مئی کا سیاسی نقشہ کچھ اور ہوگا، موجودہ حکمرانوں نے عوام کو دکھ اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، ان شاءاللہ ڈاکٹر طاہرالقادری صحت یاب ہوکر مئی میں پاکستان آ جائیں گے اور انقلاب کا قافلہ اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہوگا اور لوٹ کھسوٹ کا نظام اپنے انجام کو پہنچے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے بھرپور تیاریاں کی جائیں اور مؤثر انداز میں عوامی رابطہ مہم چلائی جائے۔ پاکستان عوامی تحریک واحد جماعت ہے جو اختیارات اور وسائل کی مرکزیت کے خاتمہ اور منصفانہ تقسیم کا ویژن رکھتی ہے اور اس حوالے سے لوکل گورنمنٹ کے نظام کو بہترین ذریعہ سمجھتی ہے۔
تبصرہ