عوامی تحریک کا 17 مئی کو اسلام آباد اور 17 جون کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

مورخہ: 03 مئی 2015ء

جب تک ایک کارکن بھی زندہ ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا
‎11مئی کو یوم سیاہ منانے اورحکومت کی دو سالہ کاکردگی پر بلیک پیپر جاری کرنے کا اعلان‎
صحافت کے عالمی دن کے موقع فیڈرل کونسل کے ممبران نے کھڑے ہو کر صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا
پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے اجلاس کے بعد ڈاکٹر رحیق عباسی، خرم نواز گنڈا پور کا پریس کانفرنس سے خطاب

لاہور (03 مئی 2015) پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے اجلاس کے بعد مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 11 مئی کو غیر آئینی حکومت کے خلاف یوم سیاہ منانے اور وفاقی حکومت کی دہشت گردانہ اور قاتلانہ کاکردگی پر بلیک پیپر جاری کریں گے، جب تک عوامی تحریک کا ایک کارکن بھی زندہ ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ 17 مئی کو اسلام آباد اور 17جون کو ملک گیر احتجاج ہو گا، جب تک شہباز شریف وزیر اعلیٰ ہے شفاف تحقیقات نہیں ہو سکتیں، ہمارے بے گناہ کارکنان کو سزائیں سنائی جا رہی ہیں پنجاب حکومت ممنوعہ اسلحہ کا ٹرک منہاج القرآن سیکرٹریٹ سے برآمد کرنا چاہتی تھی یہ سازشی منصوبہ لاہور کے محب وطن اور انسان دوست صحافیوں نے ناکام بنایا۔ ملک میں سرمایہ کاری کا مثالی ماحول ہے تو وزیر اعظم اپنا اور اپنے خاندان کا بیرونی ملکوں میں پڑا سرمایہ پاکستان لائیں۔ لوڈشیڈنگ اور مہنگائی میں اضافہ حکمرانوں کی مکمل ناکامی ہے حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں کر رہی صرف فوج تنہا دہشت گردوں سے لڑ رہی ہے۔ کراچی کا آپریشن بلا امتیاز ہو رہا ہے فوج کے خلاف تنقید قابل مذمت ہے، فوج کے خلاف جب بھی سازش ہوتی ہے وزیر اعظم آئی ایس پی آر کا بیان آنے تک چپ رہتے ہیں، ن لیگ دہشت گردوں کا سیاسی ونگ ہے، وزیر اعظم یا کسی وزیر کو فوجی افسر یا جوان کی شہادت پر نماز جنازہ میں شامل ہونے کی توفیق نہیں ہوئی، البتہ بیت اللہ محسود کی ہلاکت پر یہ پارلیمنٹ میں دکھ کا اظہار کرتے ہیں، حکومتی جے آئی ٹی مسترد کرتے ہیں یہ صرف قاتلوں کو کلین چٹ دینے کیلئے کام کر رہی ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دوران صحافیوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر پنجاب پولیس اور حکومت کی غنڈہ گردی کو بے نقاب کیا، صحافیوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کے ذمہ دار اور نڈر صحافیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، فیڈرل کونسل کے تمام اراکین نے کھڑے ہو کر صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور تا دیر تالیاں بجائیں، اس موقع پر امیر تحریک فیض الرحمن درانی، شیخ زاہد فیاض، بشارت جسپال، عامر فرید کوریجہ، بریگیڈئر(ر) مشتاق احمد، فیاض وڑائچ، جواد حامد، رفیق نجم، احمد نواز انجم، فرح ناز، عائشہ شبیر، شعیب طاہر، عرفان یوسف، فرحت حسین شاہ، رانا ادریس و دیگر موجود تھے۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے فیڈرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان عوامی تحریک منڈی بہاؤالدین این اے 108 کے حلقے سے اپنا امیدوار کھڑا کرے گی، بلدیاتی انتخابات میں پوری تیاری کے ساتھ حصہ لیں گے، خیبرپختونخواہ کی ویلج کونسل کے انتخاب کی حکمت عملی بھی طے کر لی ہے، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں عوامی تحریک الیکشن لڑے گی اور انہوں نے کل سے گلگت بلتستان کے تنظیمی دورے کا بھی اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کو پورے پاکستان میں ری آرگنائز کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ 10 نکاتی ایجنڈا ہمارا منشور ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے کارکنوں کے خلاف درج جھوٹے مقدمات واپس لئے جائیں، ہمارا کارکن آج بھی پر عزم اور انصاف کیلئے بڑی سے بڑی قربانی کیلئے تیار ہے ۔‎

پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کا اجلاس، ملک بھر سے تحصیلی اور ضلعی ذمہ داران کی شرکت۔

Posted by Pakistan Awami Tehreek (PAT) on Sunday, May 3, 2015

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top