آرٹیکل 62 اور 63 کی شقیں ’’معطل‘‘ کر کے لٹیروں، ٹیکس چوروں پر پارلیمنٹ کے دروازے کھولے گئے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 05 مئی 2015ء

دو چار حلقوں کے نتائج کالعدم ہونا اہم نہیں، پورا نظام دھاندلی زدہ ہے:ڈاکٹر طاہرالقادری
کارکنوں نے قربانیاں دیکر انتخابی دھاندلی کے خاتمہ کیلئے 2013 میں لانگ مارچ کیا‎
دھاندلی کو تحفظ دینے والا نظام دھاندلی کا خاتمہ نہیں کر سکتا، سربراہ عوامی تحریک کی گفتگو

لاہور (5 مئی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ انتخابی دھاندلی کے خاتمہ کیلئے 2013 میں لانگ مارچ کیا تھا مگر تب سٹیٹس کو کی حامی جماعتیں ہمارے خلاف ایک ہو گئی تھیں۔ دو چار حلقوں کے نتائج کالعدم ہونا اہم نہیں پورا نظام دھاندلی کی پیداوار ہے۔ عوامی تحریک کے کارکنوں نے قربانیاں دیکر انتخابی نقائص کی طرف عوام اور قومی اداروں کی توجہ مبذول کروائی موجودہ اور سابق حکمرانوں نے مخالفت کی کیونکہ ان کی بقا ہی اس فرسودہ اور استحصالی نظام سے وابستہ ہے۔ گزشتہ روز ٹیلیفون پر مرکزی سیکرٹریٹ میں میڈیا سیل کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے حقیقی جمہوریت کا راستہ روک رکھا ہے اور عوام کو ان کے مرضی کے نمائندے منتخب نہیں کرنے دئیے جارہے۔ موجودہ حکومت اور پارلیمنٹ غیر آئینی الیکشن کمیشن کے ذریعے وجود میں آئی۔ دھاندلی کو تحفظ دینے والا نظام دھاندلی کا خاتمہ نہیں کر سکتا۔ دھاندلی کے موجودہ سسٹم نے ہی باریوں کی سیاست کے منفی اور غیر آئینی کلچر کو جنم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 2013 کے الیکشن کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ انفرادی حلقوں کا جائزہ لینے کی بجائے پورے انتخابی عمل کا جائزہ لیا جائے کیونکہ 2013 کے انتخابات کروانے والا الیکشن کمیشن آئین کے آرٹیکل 213 اور 218 کے خلاف بنایا گیا۔ امیدواروں کی سکروٹنی کے موقع پر آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کو غیر اعلانیہ طور پر معطل کر کے لٹیروں، ٹیکس چوروں کے لیے پارلیمنٹ کے دروازے کھولے گئے۔ حکمرانوں نے عوام سے مینڈیٹ لیا نہیں بلکہ چرایا۔ این اے 125 کے فیصلہ سے قوم کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر آئینی الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے جون 2012 کے فیصلہ کو بھی بلڈوز کیا، جب بنیاد میں رکھی جانے والی پہلی اینٹ ہی ٹیڑھی ہو گی تو اس پر کھڑی ہونے والی عمارت سیدھی کیسی ہو سکتی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ووٹوں پر قائم ہونے والی حکومت ملک اور عوام کی خاک خدمت کرے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top