ڈاکٹر رحیق عباسی 3 روزہ انٹرنیشنل امن کانفرنس میں شرکت کیلئے لبنان پہنچ گئے
صدر پاکستان عوامی تحریک فلسطین میں قیام امن کے حوالے سے خصوصی
خطاب کرینگے
فلسطین میں قیام امن کیلئے مسلم حکمرانوں اور ساری دنیا کو عملی کردار ادا کرنا ہو
گا:ڈاکٹر رحیق عباسی
لاہور (19 مئی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی بیروت (لبنان) میں فلسطین کے حوالے سے منعقد ہونے والی 3روزہ انٹرنیشنل امن کانفرنس میں شرکت کیلئے لبنان پہنچ گئے۔ امن کانفرنس میں دنیا کے کئی ممالک کے اہم رہنما شرکت کرینگے اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے دنیا کو اس کے پرامن حل کا پیغام دینگے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی فلسطین میں قیام امن کے حوالے سے خصوصی خطاب کرینگے۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے لبنان روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں قیام امن کیلئے مسلم حکمرانوں اور ساری دنیا کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر عملی کردار ادا کرنا ہو گا۔ میدان عمل میں نکلنا ہو گا کیونکہ امن تب ہی ممکن ہو گا۔ ڈاکٹر رحیق عباسی 3روزہ دورے میں فلسطینی سیاسی رہنماؤں کے علاوہ کانفرنس میں شرکت کرنے والی دنیا کی دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقات کرینگے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ موثر اسلامی ممالک کے حکمران ذاتی مفادات اور غلامانہ پالیسیوں سے تائب ہو کر ایک ایسا فورم تشکیل دیں جہاں محکوم مسلم ممالک کو حقیقی آزادی دلوانے اور ان کے معاشی و سیاسی وقار کی بحالی کیلئے ٹھوس پالیسیاں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کانفرنس میں اس بات پر زور دونگا کہ فلسطین و دیگر محکوم مسلم ممالک پر ہونے والے مظالم کو روکنے کیلئے امت مسلمہ کی نمائندہ تنظیم او آئی سی و دیگر فورمز فوری اور عملی کردار ادا کریں۔ یو این کو بھی خاموشی توڑ کر فلسطین میں دائمی امن کے قیام کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔
تبصرہ