عوامی تحریک اوکاڑہ اور ہارون آباد کے زیر اہتمام جے آئی ٹی کی رپورٹ کے خلاف احتجاج

مورخہ: 30 مئی 2015ء

شہید بہن بھائیوں کے خون کا بدلہ لیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، رہنما
مظاہروں میں سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی، علامہ لطیف مدنی، خواجہ اللہ رکھا کا خطاب

لاہور (30 مئی 2015) پاکستان عوامی تحریک ضلع اوکاڑہ اور ہارون آباد میں جے آئی ٹی کی رپورٹ اور رانا ثناء اللہ کے حلف اٹھانے کے خلاف اعلان کیے گئے شیڈول کے مطابق پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا، مظاہرین نے قاتل حکومت نا منظور، قاتل وزیر نا منظور کے نعرے لگائے، کارکنوں نے جے آئی ٹی کی رپورٹ واپس لینے اور رانا ثناء اللہ کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔ اوکاڑہ میں احتجاجی مظاہرہ کی قیادت عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے سینئر رہنما لطیف مدنی نے کی جبکہ ہارون آباد میں احتجاجی مظاہرہ کی قیادت ضلعی امیر خواجہ اللہ رکھا نے کی۔ احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے لطیف مدنی نے کہا کہ ہم انصاف کیلئے سڑکوں پر آئے ہیں جب تک عوامی تحریک کا ایک بھی کارکن زندہ ہے وہ اپنے شہید بھائیوں اور بہنوں کے بہنے والے ناحق خون کا بدلہ لیے بغیر چین سے نہیں بیٹھے گا۔ لطیف مدنی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ایک جھوٹا اور مکار شخص ہے ہم ان سے سوال کرتے ہیں کہ 17 جون کی شام انہوں نے کہا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات میں میری طرف اشارہ بھی ہو گیا تو استعفیٰ دے دونگا، وزیر اعلیٰ نے مرضی کی رپورٹ نہ آنے پر رپورٹ چھپا لی اور ملازموں پر مشتمل جے آئی ٹی بنا ڈالی جس نے قاتلوں کو کلین چٹ دے ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بے گناہ ہے تو جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع کیوں نہیں کرتا؟ عوامی تحریک کے رہنماء مشتاق نوناری ایڈووکیٹ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اوکاڑہ میں سینکڑوں کارکنان مظاہرے میں شریک ہوئے۔ ہارون آباد میں عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر خواجہ اللہ رکھا نے کہا کہ کفر کے نظام پر معاشرے اور ملک قائم نہیں رہ سکتے۔ موجودہ حکمرانوں کے دامن پر بے گناہوں کے خون کے دھبے ہیں اور وہ انصاف کے راستے کی دیوار بن کر فرعون کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ فرعون نے بھی اپنا اقتدار بچانے کیلئے بے گناہوں کے گلے کاٹے۔ موجودہ حکمرانوں نے بھی اپنے اقتدار کیلئے بے گناہوں کا خون بہایا۔ فرعون جیسی حرکتیں کرنے والے حکمرانوں کا انجام بھی فرعون سے مختلف نہیں ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top