میری صحت کو میرے حوصلے کا ساتھ دینا پڑے گا، شہید کارکنوں کی کمی محسوس کرتا ہوں، ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 30 جون 2015ء

سربراہ عوامی تحریک کی مرکزی سیکرٹریٹ آمد، رہنماؤں کی طرف سے والہانہ استقبال
گوشہ درود کی کھڑکیوں پر پولیس کی وحشیانہ فائرنگ کے نشان دیکھ کر بڑی دیر تک خاموش کھڑے رہے‎
سفاک حکمران سانحہ ماڈل ٹاؤن میں کئے جانیوالے مظالم کا اسی دنیا میں حساب دے کر رخصت ہوں گے، گفتگو

Dr Tahir ul Qadri addresses meeting leadership of PAT and MQI

لاہور (30 جون 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے گذشتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں، مختلف فورمز کے صدر اور تحریک منہاج القرآن کے دیرینہ سٹاف ممبرز اور جملہ شعبہ جات کے سربراہان سے ملاقات کی اور فرداً فرداً سب کی خیریت دریافت کی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری سیکرٹریٹ آمد پر گوشہ درود گئے، گوشہ درود کی کھڑکیوں پر پولیس کی وحشیانہ فائرنگ کے نشان دیکھ کر بڑی دیر تک خاموش رہے۔ سربراہ عوامی تحریک نے سیکرٹریٹ میں ایک غیر رسمی اجلاس کی صدارت کی جس میں ویمن لیگ، یوتھ لیگ، ایم ایس ایم، علماء کونسل کے صدور و جنرل سیکرٹریز اور سنیئر رہنماء شریک ہوئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ میری پیچیدہ بیماری اور مخالفین کا منفی پراپیگنڈا میرے حوصلے کو کمزور نہیں کر سکا۔ بلآخر میری صحت کو میرے حوصلے کا ساتھ دینا پڑے گا۔ انہوں نے اپنی روایتی گرجدار آواز اور پر اعتماد لہجے میں کہا کہ اللہ نے عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں کو پوری طاقت کے ساتھ کلمہ حق بلند کرنے کی طاقت سے نواز رکھا ہے۔ گزشتہ روز کے استقبال نے ثابت کر دیا کہ عوامی تحریک کے کارکنوں کا جوش و جذبہ پہلے سے بھی بڑھ کر ہے، حکمرانوں کی سات ماہ کی انتقامی کارروائیاں جھوٹے مقدمات اور منفی پراپیگنڈہ انہیں انکے مشن سے پیچھے نہیں ہٹا سکا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جذباتی لہجے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں آج اپنے شہید کارکن بیٹوں اور بیٹیوں کی کمی کو بڑی شدت کے ساتھ محسوس کر رہا ہوں، میرا ایک ایک کارکن نایاب ہیرا ہے، میں نے ان ہیروں کو تراشنے اور انکی علمی آبیاری کرتے اب تک کی زندگی صرف کی ہے۔ میں اپنے کارکنوں پر گولیاں برسانے والے اور ظلم کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کروں گا۔ ظالم اور سفاک حکمران ایک دن اپنے انجام کو ضرور پہنچیں گے، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ظلم کرنے والے اسی دنیا میں حساب دے کر رخصت ہوں گے۔

مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمان درانی، ڈاکٹر رحیق عباسی، خرم نواز گنڈا پور، شیخ زاہد فیاض، عامر فرید کوریجہ نے استقبال کیا۔ اس موقع پر سربراہ عوامی تحریک نے عوامی تحریک میں شامل ہونے والے شہزاد سید کو خوش آمدید کہا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عوامی تحریک کے نو منتخب عہدیداروں کو بھی مبارکباد دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top