نواز شریف صرف کھانے پینے کی حد تک کشمیری ہیں، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

کشمیری قیادت کا حکومت پاکستان کی کشمیر پالیسی پر عدم اعتماد لمحہ فکریہ ہے
حکومت کشمیری قیادت کو اعتماد میں لے، مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک‎

لاہور (16 جولائی 2015‎) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ بزرگ کشمیری رہنماء سید علی گیلانی کی طرف سے پاکستانی سفارتخانے کی عید ملن پارٹی کی دعوت قبول کرنے سے انکار حکومت کی کشمیر پالیسی پر عدم اعتماد ہے، ثابت ہو گیا میاں نواز شریف صرف کھانے پینے کی حد تک کشمیری ہیں اس کے علاوہ ان کا کشمیر سے کوئی تعلق نہیں۔ کشمیری لیڈر شپ میں دراڑیں ڈالنا بھارت کی بہت بڑی کامیابی ہے، بد قسمتی سے حکومت پاکستان یہ موقع خود فراہم کر رہی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کی نریندر مودی سے ہتک آمیز ملاقات کا فائدہ بھارت کو پہنچا، یہ کیسے محب وطن حکمران ہیں جن کی پالیسیوں کا فائدہ پاکستان کی بجائے پاکستان کے دشمنوں کو پہنچ رہا ہے۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں عہدیداران سے بات چیت کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ شریف حکومت ذاتی کاروباری مفادات کیلئے بھارت سے دوستی چاہتی ہے، جسے قوم مسترد کر چکی ہے۔ حکمران ذہن نشین کر لیں پاک بھارت امن کا راستہ کشمیر سے گزرتا ہے۔ حکومت زمینی حقائق کو نظر انداز نہ کرے کشمیری قیادت کے تحفظات لمحہ فکریہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیری لیڈر شپ کو اعتماد میں لے اور ان کے تحفظات کا ازالہ کرے، آزادی کشمیر کی تحریک پاکستان کے ہر شہری کے دل میں زندہ ہے، کوئی حکومت مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال کر زیادہ دیر اقتدار میں نہیں رہ سکتی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top