ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
نواز لیگ کے فاشسٹ اقتدار کے خلاف اپوزیشن کو متحد ہونا پڑے گا
ناصر شیرازی کی سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات کے بعد خرم نوازگنڈاپور کے ہمراہ
میڈیا سے گفتگو
ن لیگ کا اقتدار قومی مفاد کے خلاف ہے، مظلوموں کو ظالموں کے خلاف اکٹھا کرینگے
:خرم نواز گنڈاپور
لاہور (21 جولائی 2015) مجلس وحدت المسلمین کے رہنما ناصر شیرازی نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی۔ رہنماؤں نے ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اورن لیگ کی حکومت کی طرف سے پنجاب اور گلگت بلتستان میں دونوں جماعتوں کے کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ن لیگ مافیا کا روپ دھار چکی ہے، اس کے خلاف فیصلہ کن سیاسی جمہوری جدوجہد ناگزیر ہے۔ ملاقات میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، علامہ محمد اقبال کامرانی، قاضی فیض الاسلام، نوراللہ صدیقی بھی شریک تھے۔ ملاقات کے بعد ناصر شیرازی نے خرم نواز گنڈاپور کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے فاشسٹ اقتدار کے خاتمہ کیلئے پنجاب کی حد تک تمام اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا ہونا ہو گا۔ اپوزیشن جماعتیں اپنی اپنی سیاست پر قائم رہتے ہوئے اور اختلاف رائے کا حق محفوظ رکھتے ہوئے ن لیگ کے اقتدار کے خاتمے کے یک نکاتی ایجنڈے پر اکٹھی ہوں اور اس حوالے سے تمام جماعتوں کی قیادت سے رابطے شروع کر دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اپوزیشن جماعتوں کے خلاف بے رحمی کے ساتھ ریاستی طاقت اور اختیارات استعمال کررہی ہے۔ ن لیگ کے برسراقتدار رہتے ہوئے دہشتگردی اور انتہا پسندی ختم نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 29 جولائی کو اسلام آباد میں امن نصاب کے حوالے سے ہونے والی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جو ہم نے بخوشی قبول کی ہے۔ ہم نے بھی ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی دفتر کے دورے کی انہیں دعوت دی ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مسلم لیگ ن سے خوفزدہ تھے نہ ہونگے، ن لیگ کا اقتدار قومی مفاد کے خلاف ہے، مظلوموں کو ظالموں کے خلاف اکٹھا کرنے کا وقت آگیا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث شریف برادران کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔ انہیں اقتدار کے کٹہرے میں کھڑا کرینگے اور ان کے گلوں میں پھانسی کے پھندے ڈالیں گے۔ حکومت نے کشمیر پر کمزور موقف اختیار کیا۔ مجلس وحدت المسلمین کی قیادت کو ہم احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم بھی شریف حکومت کے شر کا شکار ہے اور پاکستان عوامی تحریک بھی ن لیگ کے فاشسٹ اقتدار کا نشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام بڑی چھوٹی جماعتوں کو ن لیگ کے ظالمانہ اقتدار کے خلاف متحد ہونا پڑے گا۔
تبصرہ