وزراء اور وزیر اعظم کو 72 گھنٹوں بعد سیلاب متاثرین کا خیال آیا، خرم نواز گنڈا پور‎

بہاولپور میں درجنوں بچوں کی اموات پنجاب حکومت کی نا اہلی ہے، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
عوامی تحریک نے سیلاب فنڈ قائم کر دیا، متاثرہ اضلاع کی تنظیموں کو امدادی سرگرمیاں میں حصہ لینے کی ہدایت

لاہور (22 جولائی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہر سال حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے سیلاب آتے ہیں۔ وزراء اور وزیر اعظم کو 72 گھنٹے بعد سیلاب متاثرین کی مدد کا خیال آیا، اگر فوج کے جوان متحرک نہ ہوتے تو حکمران فوٹو سیشن کیلئے بھی باہر نہ نکلتے۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کر رہے تھے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے اب تک 50 ہزارسے زائد شہری سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے جاں بحق ہو چکے ہیں، حکمرانوں نے سارا پیسہ میٹرو بسوں پر لگا یا وہ بھی بارشوں میں ڈوبی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے درست کہا کہ ہر طرف کرپشن کا سیلاب ہے، جس کی سزا 19 کروڑ عوام بھگت رہے ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پاکستان عوامی تحریک نے سیلاب فنڈ قائم کر دیا ہے۔ متاثرین کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑسکتے۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں عوامی تحریک کی تنظیموں کو امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ہدایت دے دی ہیں۔

دریں اثنا خرم نواز گنڈا پور نے بہاولپور ہسپتال میں درجنوں بچوں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میاں شہباز شریف نے انسانی خدمت کے فلاحی محکمہ صحت کو بھی برباد کر دیا۔ بچوں کی اموات کا ایسا واقعہ کسی مغربی ملک میں ہوتا تووہاں کے عوام ایسے انسان دشمن حکومت کو اٹھا کر سمندر میں پھینک دیتے، انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت انسانیت کی دشمن ہے۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top