عوامی تحریک کے زیراہتمام جشن آزادی تقریبات جوش و خروش سے منانے کیلئے انتظامات مکمل

مورخہ: 10 اگست 2015ء

عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے تمام ضلعی و تحصیلی دفاتر میں جشن آزادی تقریبات کا اہتمام کیاجارہا ہے
11 اگست سے 14 اگست تک عوامی تحریک یوتھ ونگ پورے ملک میں ’’جیوے پاکستان یوتھ امن ریلیاں‘‘ نکالے گی
منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشز کے تحت ’’سانجھا پاکستان‘‘ کے عنوان سے پروقار تقریب منعقد کی جائیگی
زندہ قومیں آزادی کے عظیم دن کو نہ صرف یاد رکھتی ہیں بلکہ شایان شان طریقے سے مناتی بھی ہیں:ترجمان عوامی تحریک

لاہور (10 اگست 2015) پاکستان عوامی تحریک نے 14 اگست کو جشن آزادی کی تقریبات کو جوش و خروش سے منانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے۔ عوامی تحریک ملک بھر میں 7 اگست سے 14 اگست تک ہفتہ آزادی تقریبات منارہی ہے۔ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے تمام ضلعی و تحصیلی دفاتر میں جشن آزادی تقریبات کا اہتمام کیاجارہا ہے۔ منہاج یونیورسٹی، منہاج کالجز اور منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام چلنے والے 700 سے زائد سکولوں میں تحریک آزادی کے حوالے سے پروگرامز منعقد ہونگے اور تمام عمارتوں پر پاکستانی پرچم آویزاں کیے جائینگے، چراغاں کیا جائے گا۔ ترجمان عوامی تحریک کے مطابق پاکستان عوامی تحریک نے ملک بھر میں عمائدین شہر کے ہمراہ سیمینارز، ریلیاں، دعائیہ پروگرامز اور جشن آزادی تقریبات منانے کا سلسلہ پرجوش انداز سے شروع کر دیا ہے۔ 11 اگست سے14 اگست تک عوامی تحریک یوتھ ونگ پورے ملک میں ’’جیوے پاکستان یوتھ امن ریلیاں‘‘ نکالے گی۔ جن میں ہزاروں نوجوان شرکت کرینگے۔ 14 اگست کے حوالے سے مرکزی تقریب پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گی جس میں عوامی تحریک کے مرکزی قائدین اور دیگر مذہبی، سیاسی، سماجی رہنما شرکت کرینگے۔ تمام اضلاع کی تنظیمات دعائیہ تقاریب بھی منعقد کرینگی اور کیک بھی کاٹے جائینگے۔ منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشز کے تحت ’’سانجھا پاکستان‘‘ کے عنوان سے پروقار تقریب منعقد کی جائیگی جس میں مسیحی، ہندو، سکھ، مسلم رہنما ملکی سلامتی، خوشحالی اور اتحاد یگانگت کیلئے خصوصی دعائیں کرینگے۔

ترجمان عوامی تحریک نے کہا کہ زندہ قومیں آزادی کے عظیم دن کو نہ صرف یاد رکھتی ہیں بلکہ شایان شان طریقے سے مناتی بھی ہیں۔ عوامی تحریک نے جشن آزادی منانے کیلئے قائد تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایات پر جامع پلان بنائے ہیں۔ تحصیل اور ضلع کی سطح پر ملی نغمے، ترانے، تقاریر اور کھیلوں کے مقابلے منعقدہ کرائے جائینگے۔ مرحلہ وار ان تقاریب کو پورے ملک میں 14 اگست تک جاری رکھا جائیگا۔ عوامی تحریک شہدائے آزادی اور زعمائے آزادی کوخراج تحسین پیش کرنے میں مصروف عمل ہے۔ پاکستان کی گلی گلی، کوچے کوچے سبز ہلالی پرچموں کی بہار آئے گی۔ عوامی تحریک یوم آزادی کو کرپٹ حکمرانوں کے یوم حساب کے طور پر منائے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top