میٹرو بس پرجیکٹ کی وجہ سے شہری مشکلات کا شکار، رستے بند ہونے سے طلبہ کی پڑھائی متاثر ہورہی ہے: حاجی خلیل احمد آہیر
حکمران عوامی نمائندے نہیں بلکہ کمیشن مافیا کا روپ دھار چکے، بنیادی
مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں
ملتان جیسے شہر میں میٹرو جیسی فضول خرچی کی بجائے ہسپتال اور تعلیمی اداروں کی ضرورت
ہے
ملتان (21 اگست2015ء) تحریک منہاج القرآن ملتان کے ضلعی ناظم حاجی خلیل احمد آہیر نے کہا ہے کہ میٹرو بس پروجیکٹ کی وجہ سے پورا شہر آثار قدیمہ کا منظر پیش کررہا ہے۔ جگہ جگہ کھدائی کے بعد پورے شہر کے راستے بند ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے طلبہ و طالبات کی پڑھائی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ راستے بند ہونے کی وجہ سے ہر طرف ٹریفک بلاک نظر آتی ہے جس کی وجہ سے طلبہ و طالبات وقت پر اپنے تعلیمی اداروں میں نہیں پہنچ پاتے۔ پورا شہر ایک عجیب طرح کی ذہنی کوفت کا شکار ہے مگر حکمران چین کی بانسری بجا رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ پنجاب کے حکمران عوامی نمائندے نہیں بلکہ کمیشن مافیا کا روپ دھار چکے ہیں۔ ان کو عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے سے کوئی دلچسپی نہیں بلکہ صرف اپنا کمیشن کھرا کرنے سے دلچسپی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کیلئے بنیادی مسائل میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔
تحریک منہاج القرآن ملتان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملتان جیسے شہر میں میٹرو جیسی فضول خرچی کی بجائے ہسپتال اور تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے مگر حکمرانی کی اس طرف کوئی توجہ نہیں ہے۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ سجاد نقشبندی، فخرالامین، رمضان سعیدی، راؤ عارف رضوی، راؤ عظمت علی و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔
تبصرہ