پرامن جلسے کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو نتائج کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔ خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 27 اگست 2015ء

عوامی تحریک 30 اگست کو شہداء کی یاد میں اسلام آباد ڈی چوک میں جلسہ کرے گی
شہدائے اسلام آباد اور ماڈل ٹاؤن کی یاد میں پرامن جلسہ ہو گا، خرم نواز گنڈاپور
انصاف لینے گئے تھے، مزید لاشیں ملیں، امید ہے حکومت روڑے نہیں اٹکائے گی:سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک

لاہور (27 اگست 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک نے 30 اگست کی سہ پہر 4 بجے اسلام آباد ڈی چوک میں شہدائے اسلام آباد اور شہدائے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی یاد میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جلسہ پرامن ہو گا۔ امید ہے حکومت کوئی روڑے نہیں اٹکائے گی۔ خرم نواز گنڈاپور نے پاکستان عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کے اجلاس کے بعد جلسہ کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ کی میزبانی کے فرائض عوامی تحریک شمالی پنجاب انجام دے گی اور شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈیئر (ر) محمد مشتاق للِہ جملہ انتظامات اپنی نگرانی میں مکمل کروائینگے۔ عوامی تحریک کے تمام صوبائی فورمز کے سربراہان ان کی معاونت کرینگے۔ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ 14 اگست 2014 کی شام ہم اپنے 14 شہداء کا انصاف لینے گئے تھے اور بدلے میں ہمیں مزید لاشیں دی گئیں۔ 30 اگست کی رات ملک اور جمہوریت سے پیار کرنے والے کارکنان نے حکومتی بندوقوں کے سامنے ڈٹ کر جس ہمت کا مظاہرہ کیا وہ قومی سیاسی تاریخ کا ناقابل فراموش واقعہ ہے اور پر امن اور نہتے کارکنوں پر جس طرح وحشیانہ لاٹھی چارج کیا، گولیاں اور آنسو گیس کے شیل برسائے وہ بھی حکومتی بربریت کی بد ترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اس موقع پر کارکنان کے درمیان کھڑے ہو کر ثابت کیا کہ عوامی تحریک کے کارکنان اور اس کی قیادت شانہ بشانہ چلتی ہے اور مشکل کی گھڑی میں ثابت قدم رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 اگست کے دن ہم اپنے شہداء، انقلاب مارچ کے زخمیوں اور 30 اگست کی رات کے زخمیوں او رشہداء کی یاد میں تقریب منعقد کرینگے۔ ہمارے کارکن پرامن طریقے سے اس جلسے میں شرکت کرینگے۔ ہم حکومت کو امن کی ضمانت دیتے ہیں تاہم اگر اس پرامن جلسے کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو نتائج کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top