ن لیگ کے درجن بھر ایم این اے سٹے آرڈر پر ہیں، عوام سے رجوع کیوں نہ کیا گیا، ترجمان عوامی تحریک

مورخہ: 27 اگست 2015ء

جب عوامی تحریک کے رہنماؤں پر دہشت گردی کے جھوٹے مقدمات قائم ہو رہے تھے تو قومی رہنماء خاموش رہے؟

لاہور (27 اگست 2015) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا ہے کہ ن لیگ تین حلقوں کے حوالے سے سپریم کورٹ سے نکل کر عوام سے رجوع کرنے کا اعلان کر رہی ہے اس کے جو 9ایم این اے سٹے آرڈر لے کر بیٹھے ہوئے ہیں انکے حلقوں میں الیکشن کب ہونگے؟جب سعد رفیق کو نا اہل قرار دیا گیا تھا تو اس وقت عوام سے رجوع کرنے کا اعلان کیوں نہیں کیا گیا؟ ترجمان نے کہاکہ ن لیگ کے مینڈیٹ کی چوری پکڑی گئی انکے دلائل کھسیانی بلی کھمبا نوچے والے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اس وقت بھی ن لیگ کے کئی ایم این اے سٹے آرڈر پر ہیں جن میں NA-57 سے شیخ آفتاب، NA-58 سے ملک انتخاب، NA-66 سے حامد حمید، NA-93 سے ملک جنید انور، NA-110 سے خواجہ آصف، NA-125 سے خواجہ سعد رفیق، NA-180 سے سردار عاشق حسین گوپانگ، NA-118 سے ملک ریاض ڈیڑھ سال سٹے آرڈر پر رہا۔ NA-128 سے ملک افضل کھوکھر ڈیڑھ سال سٹے آرڈر پر ہیں، یہاں تک کے گزشتہ دور حکومت میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف دوہری نشست کے کیس میں 4سال سٹے آرڈر پر رہے۔ ن لیگ کے اقتدار کی اخلاقی حیثیت سانحہ ماڈل ٹاون کے بعد ختم ہو گئی تھی اور قانونی حیثیت حالیہ تین حلقوں کے نتائج آنے کے بعد ختم ہو گئی، عوام اب نئے عام انتخابات سے ہی مطمئن ہونگے، ترجمان نے کہا کہ 4یا 9حلقے نہیں سارے کا سارا الیکشن ہی غیر آئینی اور غیر جمہوری ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے 28ماہ قبل غیر آئینی انتخابی نظام کے خلاف جن خدشات کا اظہار کیا تھا آج وہ ایک ایک کر کے سارے درست ثابت ہو گئے۔ ترجمان نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب ماڈل ٹاؤن میں شریف حکمرانوں نے خون کی ہولی کھیلی اور عوامی تحریک کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت دھڑا دھڑ جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات قائم کئے تھے اس وقت بھی اگر پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتیں اسی قسم کے ردعمل کا مظاہرہ کرتیں تو آج صورتحال مختلف ہوتی، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی دفعات کے غلط استعمال کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے تا ہم بے رحم احتساب ناگزیر ہے، انتقامی کارروائی نہیں ہونی چاہیے لیکن احتساب کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ کوئی بھی سیاسی جماعت ایسے فرد کا دفاع نہ کرے جس پر قومی خزانے کی خوردد برد کا الزام ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top