عوامی تحریک اتوار کو چائنہ چوک سے ڈی چوک اسلام آباد تک ریلی نکالے گی، علامتی دھرنا دیا جائے گا

مورخہ: 29 اگست 2015ء

ریلی میں راولپنڈی، اسلام آباد کے ہزاروں لوگ شرکت کریں گے۔ بریگیڈئر (ر) مشتاق احمد
ایک سال قبل شہدائے ماڈل ٹاؤن کا انصاف لینے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے انقلاب مارچ کیا

لاہور (29 اگست 2015) پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام 30 اگست کو اسلام آباد چائنہ چوک سے ڈی چوک تک شہدائے انقلاب مارچ و اسیران سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی جائیگی۔ ریلی میں راولپنڈی، اسلام آباد کے ہزاروں لوگ شرکت کریں گے۔ پر امن ریلی چائنہ چوک سے شروع ہو کر ڈی چوک اسلام آباد پر اختتام پذیر ہو گی۔ ڈی چوک میں شہدائے انقلاب کی یادمیں تقریب منعقد ہو گی اور علامتی دھرنا بھی دیا جائے گا۔ ریلی کی قیادت سیکرٹری جنرل PAT خرم نواز گنڈا پور، شمالی پنجاب کے صدر بر یگیڈئر(ر) مشتاق احمد، ابرار رضا ایڈووکیٹ اور راولپنڈی اسلام آباد کے قائدین کریں گے۔ پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈئر(ر) مشتاق احمد نے صوبائی سیکرٹریٹ میں انتظامات کا حتمی جائزہ لیتے ہوئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی طرز پر 30اگست کو اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر لاشیں گرانے کی منصوبہ بندی کی، لیکن ایس ایس پی نیکو کارا نے اس حکومتی پلان پر عمل درآمد سے انکار کر کے اور حکمرانوں کے اس خونی پلان کا حصہ نہ بن کر سارا بھانڈا پھوڑ دیا۔ 30اور 31اگست کی رات قاتل حکومت نے نہتے لوگوں پر اندھا دھند گولیاں برسائیں اور زہریلی گیس کے گولے پھینک کر سینکڑوں کارکنان کو زخمی کر دیا جبکہ 4معصوم لوگ موقع پر شہید ہو گئے۔ صوبائی صدر نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا انصاف لینے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے 14اگست کو اسلام آباد کی طرف انقلاب مارچ کیا لیکن ظالم اور قاتل حکمرانوں نے بجائے انصاف دینے کے مزید لاشیں دیں۔ ایک سال گزر جانے اور ایف آئی آر درج نہ ہونے کے باوجود انصاف ملنا تو دور کی بات غیر جانبدار تفتیش کا آغاز بھی نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہاکہ ماڈل ٹاؤن اور انقلاب مارچ کے شہدا کے خون کا انصاف لیں گے، قاتلوں کی گرفتاری تک جدوجہد جاری رہے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top