خواجہ عامر فرید کوریجہ این اے 154 لودھراں سے عوامی تحریک کے امیدوار نامزد

پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کا اجلاس
سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے سنٹرل کور کمیٹی کی سفارشات کی توثیق کر دی
خواجہ عامر فرید پیر آف کوٹ مٹھن شریف اور PAT کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ہیں
بلدیاتی انتخابات میں ضلعی قیادت کو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اختیار، اسلام آباد میں ڈاکٹرز پر لاٹھی چارج کی مذمت

لاہور (8 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک نے این اے 154 لودھراں کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے پیر آف کوٹ مٹھن شریف خواجہ عامر فرید کوریجہ کو امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے غور خوض کیلئے گزشتہ روز عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں خواجہ عامر فرید کوریجہ کو امیدوار نامزد کیا گیا۔ سنٹرل کور کمیٹی کی سفارشات کی سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے توثیق کر دی ہے۔ سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس میں ڈاکٹر حسین محی الدین، خرم نواز گنڈاپور، میجر(ر) محمد سعید، خواجہ غلام فرید کوریجہ، حنیف مصطفوی، بریگیڈیئر(ر) محمد مشتاق، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، ایم نوراللہ، قاضی فیض الاسلام، ساجد بھٹی نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ضلعی قیادت کو ہم خیال سیاسی جماعتوں اور امیدواروں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے کا اختیار دیا گیا۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کیس کے حوالے سے غوروخوض کیا گیا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے ایک بڑی پیشرفت ہونے والی ہے۔ قاتل حکمران کتنے ہی چالاک اور بااثر سہی مگر وہ بے گناہوں کا خون بہانے کی سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔ اجلاس میں اسلام آباد میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف پر لاٹھی چارج کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ حکمران پاکستان کو جنگل اور اس کے شہریوں کو بھیڑ بکریاں سمجھنا چھوڑ دیں۔ اجلاس میں جان لیوا لوڈشیڈنگ، نندی پور پاور پراجیکٹ میں مبینہ کرپشن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ملک میں احتساب نام کا کوئی ادارہ نہیں اورمطالبہ کیا گیا کہ کراچی طرز پر پنجاب میں بھی کرپشن اور جرائم مافیا کے خلاف آپریشن کیا جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ این اے 122 کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج نہ کرنے کے اعلان کے باوجود اپیل میں چلے جانا ن لیگ کی شکست ہے اس فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ شیر نے گیدڑ کی کھال پہن رکھی ہے۔ چیف کوآرڈینیٹر میجر(ر) محمد سعید نے کہا کہ ن لیگ ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قومی خزانے کا بے دریغ استعمال کررہی ہے، الیکشن کمشنر نوٹس لے۔ اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک کی تنظیم سازی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پینلز کی تشکیل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈیئر(ر) محمد مشتاق جنوبی پنجاب کے صدر، فیاض وڑائچ اور سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے اپنے اپنے اضلاع سے متعلق بلدیاتی انتخابات اور دیگر جماعتوں کے امیدواروں سے ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے رپورٹ دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top