کالعدم تنظیموں کو سوشل میڈیا پر کھالوں کیلئے مہم چلانے سے روکا جائے: ڈاکٹر حسن محی الدین

حکومت نیکٹا کے فنڈ روکنے کی بجائے کالعدم تنظیموں کے فنڈ روکے، سی ڈبلیو سی کے اجلاس سے خطاب
امن کیلئے کام کرنے والے اداروں کو سیاسی بنیادوں پر ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے
ڈاکٹر طاہرالقادری کے کارکنان جان ہتھیلی پر رکھ کر علم برائے امن کی تحریک چلارہے ہیں

لاہور (23 ستمبر 2015) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت کالعدم تنظیموں کو سوشل میڈیا پر کھالوں کیلئے مہم چلانے سے روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ کالعدم تنظیموں کی طرف سے نام بدل کر کھالیں حاصل کرنے کیلئے چلائی جانے والی مہم سے متعلق خبریں تشویشناک ہیں۔ حکومت نیکٹا کے فنڈز روکنے کی بجائے کالعدم تنظیموں کے فنڈز روکنے پر توجہ دے۔ امن کیلئے کام کرنے والے اداروں اور سماجی تنظیموں کو سیاسی بنیادوں پر ہراساں کرنے کا غیر قانونی سلسلہ بند کیا جائے اور وزارت داخلہ کالعدم تنظیموں کی حتمی فہرستیں اپنی ویب سائٹ پر رکھے۔ دہشتگردوں کی فنڈنگ کے ذرائع ختم نہ ہوئے تو اس سے دہشتگردی کے خاتمے کی قومی جنگ کو نقصان پہنچے گا۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں پر مشتمل سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

اجلاس میں امیر تحریک فیض الرحمن درانی، خرم نوازگنڈاپور، بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، احمد نواز انجم، جی ایم ملک، سردار شاکر مزاری، رفیق نجم، تنویرخان، سید فرحت حسین شاہ، قاضی فیض السلام، فرح ناز، مظہر علوی، عرفان یوسف اور تمام فورمز کے صدور، جنرل سیکرٹری اور سی ڈبلیو سی کے ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ سوشل میڈیا پر کالعدم تنظیموں کی طرف سے چلنے والی مہم کو روکے اور عیدالاضحی کے حوالے سے تمام مساجد، عید گاہوں اور اجتماعی قربان گاہوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنائے اور دہشتگردی کے حوالے سے ملنے والی خفیہ اطلاعات کی روشنی میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل اور افرادی قوت بروئے کار لائے۔

اجلاس میں لاہور میں پاکستان کی سب سے بڑی اجتماعی قربانی کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ سی ڈبلیو سی کے اجلاس میں ایم ڈبلیو ایف کی طرف سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ منہاج القرآن کے زیراہتمام رواں سال ملک بھر میں 4 ہزار سے زائد اجتماعی قربانیاں ہونگی اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کم سے کم وقت میں مستحق افراد تک قربانی کا گوشت پہنچانے کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر کالعدم تنظیموں کو کھالیں جمع کرنے سے روکنا حکومت کا پہلا امتحان ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس موقع پر صرف پولیس پر انحصار کرنا درست نہیں ہو گا فوج، رینجرز خود نگرانی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ویلفیئر کے کاموں کے نام پر نام بدل کر کھالیں جمع کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا وقت آگیا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اپنے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن ’’ضرب علم‘‘ کی روشنی میں امن کے سفیر بن کر جان ہتھیلی پر رکھ کر گلی گلی اپنا قومی و ملی کردار ادا کررہے ہیں۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ دہشتگردوں کو آپریشن ضرب عضب کے ذریعے کاری ضرب لگی اب فکری سطح پر انتہا پسندانہ رجحانات کو ختم کرنے کیلئے علم برائے امن کی تحریک کو عام کررہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top