کسان پیکج، الیکشن کمیشن وزیر اعظم کیلئے سزا بھی تجویز کرے۔ خرم نواز گنڈا پور

وزیر اعظم نے اپنے امید واروں کو جتوانے کیلئے اختیارات اور خزانے کا ناجائز استعمال کیا
اقدام غیر قانونی ثابت ہونے کے بعدوزیر اعظم مستعفی ہو جائیں، سیکرٹری جنرل PAT

لاہور (30 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے وزیر اعظم کے کسان پیکج کو الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابی ضابطہ کی خلاف ورزی قرار دئیے جانے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن وزیر اعظم کیلئے سزا بھی تجویز کرے۔ وزیر اعظم نے اپنے امید واروں کو جتوانے کیلئے اختیارات اور خزانے کا ناجائز استعمال کیا، اس غیر قانونی اقدام کے بعد بہتر ہو گا کہ وزیر اعظم اخلاقیات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں عہدیداروں اور کارکنوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کا کسان پیکج محض انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہی نہیں بلکہ کھلی دھاندلی اور آئین سے انحراف ہے۔ آئین کا آرٹیکل 62 اور 63 تقاضا کرتا ہے کہ اراکین اسمبلی اور وزیر اعظم صادق اور امین ہوں مگر وزیر اعظم جو ایک جماعت کے سربراہ بھی ہیں نے بلدیاتی اور ضمنی انتخابات میں اپنے امیدواروں کو جتوانے کیلئے خزانے کا ناجائز استعمال کیا۔ انہوں نے نہ صرف انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی بلکہ کسانوں سے بھی مذاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئین اور قانون بالادست ہوتے تو وزیر اعظم پارلیمنٹ سے بالا بالا کبھی بھی اس قسم کے پیکج کا اعلان کرنے کی جرات نہ کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بادی النظر میں وزیر اعظم اس عہدے کے اہل نہیں رہے، الیکشن کمیشن کا پیکج کو غیر قانونی قرار دینا وزیر اعظم کے خلاف ریفرنس کی حیثیت رکھتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top