عوامی تحریک کا پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان، سیاسی اتحاد قائم

4 نکات پر مشتمل ڈکلیریشن پر دستخط، PAT کی حمایت سے ہمیں تقویت ملی، چودھری سرور
اشتیاق چودھری پی ٹی آئی کے حق میں دستبردار، شکست قاتل لیگ کا مقدر بنے گی، خرم نواز گنڈاپور
حمایت پر عوامی تحریک کے شکر گزار ہیں، عبد العلیم خان، اعجاز چودھری، عمر سرفراز چیمہ

لاہور (6 اکتوبر 2015) پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے درمیان اتحاد اور 4 نکات پر مشتمل ماڈل ٹاؤن ڈیکلریشن پر دستخط کئے گئے، دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے بلدیاتی اور آئندہ عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے فارمولہ طے کرنے کیلئے تین تین ارکان پر مشتمل 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ معاہدے کے بعد عوامی تحریک کا پی پی 147سے امیدوار اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ تحریک انصاف کے امید وار شعیب صدیقی کے حق میں دستبردار ہو گئے اور عوامی تحریک نے NA-122 اور پی پی 147 سے علیم خان اور شعیب صدیقی کی بھر پور حمایت اور انتخابی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ تحریک انصاف کی طرف سے چودھری محمد سرور اور عوامی تحریک کی طرف سے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے معاہدے پر دستخط کئے۔

بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر چودھری سرور نے عوامی تحریک کی طرف سے حمایت کے اعلان پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس تعاون سے تحریک انصاف کی سیاسی قوت میں اضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کی حمایت سے ن لیگ کی شکست یقینی ہو گئی، پی ٹی آئی کی طرف سے چودھری محمد سرور، عبد العلیم خان، اعجازچودھری، عمر سرفراز چیمہ جبکہ عوامی تحریک کی طرف سے خرم نواز گنڈا پور، جی ایم ملک، فیاض وڑائچ، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ اور نور اللہ صدیقی نے حصہ لیا، تحریری معاہدہ کے مطابق دونوں جماعتیں شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلوانے کی جدوجہد کو تیز کرینگی، عوام کے آئینی جمہوری، حقوق کے تحفظ کیلئے موثر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گی، دہشت گردی، انتہا پسندی اور کرپشن کے خاتمہ اور بلا تفریق احتساب کیلئے مل کراپنا قوی سیاسی کردار ادا کرینگی۔

خرم نواز گنڈا پور نے ن لیگ کی طرف سے چودھری سرور کے قافلہ پر پتھراؤ اور کارکنوں پر بیہمانہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ غنڈہ گردی ہی ن لیگ کی اصل سیاست ہے، پولیس کو یہ لوگ پرائیویٹ ملیشیا کے طور پر استعمال کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد قاتل حکمرانوں اور ظالم نظام کیخلاف گرینڈ احتجاجی تحریک کی شروعات ہے، قاتل لیگ کو شکست ہو گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عوامی تحریک این اے 122 اور پی پی 147میں تحریک انصاف کے امیدوار کی بھرپور انتخابی مہم چلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ناکام ہو گئی اسکا مزید بر سر اقتدار رہنا ملک اور عوام کیلئے تباہ کن ہے، تحریک انصاف کے رہنماؤں علیم خان، اعجاز چودھری، عمر سرفراز چیمہ نے کہاکہ عوامی تحریک کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کا احترام ہو گا، دونوں جماعتوں نے اس ظالم نظام کے خلاف بے مثال جدوجہد کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top