اللہ تعالیٰ نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو مراد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بنا کر اسلام کی جھولی میں ڈال دیا: صاحبزادہ فیض الرحمن

حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اسلامی کیلنڈر کی بنیاد رکھی، دور حکومت اسلامی فتوحات کا دور کہلاتا ہے

لاہور (15 اکتوبر 2015) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ خلیفہ دوئم سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کائنات میں وہ مقام رکھتے ہیں جو اس عالم فانی میں شاید ہی کسی اور کا مقدر ہو۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا شمار مکہ کے بہادر ترین لوگوں میں ہوتا تھا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعا یا اللہ اسلام کو عمر بن خطاب یا عمر بن ھشام کے ذریعے تقویب بخش دے کے بعد سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا سینہ اسلام کی روشنی سے منور ہوا۔ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ مراد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی ہیں۔ آپ رضی اللہ عنہ کا لقب فاروق ہے جس کے معنی سچ اور جھوٹ میں فرق کرنے والا کے ہیں۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے ہی اسلامی کیلنڈر کی بنیاد رکھی اور محرم الحرام کا پہلا اسلامی مہینہ ٹھہرایا۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا دور حکومت اسلامی فتوحات کا دور کہلاتا ہے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام خلیفہ دوئم سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے یوم شہادت کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر علامہ رانا محمد ادریس، علامہ عین الحق بغدادی، علامہ اعجاز ملک، مفتی ارشاد سعیدی، علامہ یاسرملک، حافظ غلام فرید، مفتی ارشاد سعیدی، علامہ عثمان سیالوی و دیگر بھی موجود تھے۔ صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہ کہ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ اصولوں کی بالادستی کا مکمل واضح اور قابل تقلید نمونہ ہے۔ سیرت فاروقی سے عدل و انصاف، اخلاق، کردار اور تعلیم و تربیت کا تن آور درخت وجود میں آسکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو مراد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بنا کر اسلام کی جھولی میں ڈال دیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top