سیدہ زینب رضی اللہ عنہا صبر، جرآت اور استقامت کا پیکر تھیں : صدر منہاج القرآن ویمن لیگ
امت مسلمہ کی خواتین کو سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی صفات میں ڈھل کر ان کے کردار کا مظہر بننا ہو گ، فرح ناز
کربلا میں سیدہ زینب رضی اللہ عنہا نے حسینی رضی اللہ عنہا قافلے کی سالار بن کر دنیا بھر کی خواتین کو ذمہ داریوں کا سبق دیا
لاہور (20 اکتوبر 2015) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ سیدہ زینب رضی اللہ عنہا صبر، جرآت اور استقامت کا پیکر تھیں انکی شخصیت پوری انسانیت کیلئے مینارہ نور ہے۔ سیدہ کائنات فاطمہ الزہرہ رضی اللہ عنہا نے امام حسن رضی اللہ عنہا، امام حسین رضی اللہ عنہا اور سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی ایسی تربیت فرمائی کہ انہوں نے تاریخ عالم کی بے مثال قربانیاں دے کر قیامت تک کیلئے دین مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو زندہ کر دی۔ انہوں نے کہا کہ آج سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے اسوہ پر چلنے والی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے۔ امت مسلمہ کی خواتین کو سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی صفات میں ڈھل کر ان کے کردار کا مظہر بننا ہو گا تب ہی زوال عروج میں بدلے گا۔ کربلا میں سیدہ زینب رضی اللہ عنہا نے حسینی رضی اللہ عنہا قافلے کی سالار بن کر دنیا بھر کی خواتین کو اپنی ذمہ داریوں کا سبق دی۔ کوئی سوچ اور قلم اس شجاعت اور استقامت کو بیان نہیں کر سکتی جو سیدہ زینب نے کربلا میں دکھائی۔ کربلا میں عاشورہ کا دن ڈھلتے ہی سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی شخصیت میں امام حسین رضی اللہ عنہا کا وقار اور عظمت دکھائی دینے لگی۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام محرم الحرام کے حوالے سے خواتین کی تربیتی نشست سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر طاہرہ خان، افنان بابر، عائشہ مبشر، گلشن ارشاد، انیلہ ڈوگراور عائشہ قادری بھی موجود تھیں۔
فرخ ناز نے کہا کہ خواتین کو سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے اسوہ پر عمل کی راہ متعین کرنا ہو گی۔ ماؤں کو اپنی اولاد کی تربیت اس انداز میں کرنا ہو گی کہ آئندہ نسل سیدہ کائنات اور ان کی بیٹی سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے مشن کو آگے بڑھائے اور اسلام کی نشاۃ ثانیہ کیلئے اپنے تن من دھن کو لٹانے والی بنے۔ سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی ذات مبارکہ آج کی عورت کیلئے نمونہ عمل ہے۔ فرح ناز نے کہا کہ سیدہ زینب کی ذات مبارکہ، حسن سیرت اور حسن بصیرت کا مرقع تھیں۔ خواتین میں صبر، ذہانت اور جرات کی میراث کو منتقل کرنے میں سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کا اہم کردار ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نسبت رکھنے والی ہستیوں کا ذکر کثیر خیر و برکت کا باعث ہے۔ آج کی ماں، بہن، بیوی اور بیٹی کو اپنے کردار سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی سیرت میں ڈھالنا ہونگے تاکہ آئندہ نسلیں حضرت امام حسن رضی اللہ عنہا، امام حسین رضی اللہ عنہا کے نقش قدم پر چلنے والی ہوں۔ انہوں نے کہا سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی گفتار، سیدہ کائنات رضی اللہ عنہا کے طرز تکلم کی کامل شبیہہ، آپ رضی اللہ عنہا کا کردار مولاعلی رضی اللہ عنہا کی جرات کا مظہر اور آپ کے صبر و ایثار میں امام حسین رضی اللہ عنہا کی جھلک تھی۔ معاشرے کی ہر عورت سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے دراقدس سے سیرت و کردار اور عفت و حیاء کی خیرات کی دولت لے۔
تبصرہ