عوامی تحریک کے امیدوار پر بہیمانہ تشدد، آصف نکئی اور بیٹے کے خلاف مقدمہ درج

سرداروں کے خلاف الیکشن لڑنے پر مزدور کارکن پر تشدد ہوا، یہ ظلم برداشت نہیں
ایم پی اے آصف نکئی کو گرفتار کیاجائے، پاکستان کسی کے باپ کی جاگیر نہیں، رہنما عوامی تحریک

لاہور (3 نومبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے پتوکی سے جنرل کونسلر کے امیدوار اصغر علی پر بہیمانہ تشدد کرنے والے ایم پی اے سردار آصف نکئی اور ان کے بیٹے اویس نکئی سمیت 20 افراد کے خلاف تھانہ صدر پتوکی میں مقدمہ درج ہو گیا ہے۔ تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ شدید زخمی اصغر علی جناح ہسپتال میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا اور زیر علاج ہے۔ مقدمہ دفعات 337,148,324 کے تحت درج ہوا۔ ایف آئی آر کا نمبر 472 ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کارکن پر بہیمانہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے کہا ہے کہ سرداروں نے اپنے خلاف الیکشن لڑنے کی جرات کرنے پر ہمارے مزدور کارکن کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ظلم کا یہ نظام اب مزید برداشت نہیں اور نہ ہی پاکستان کسی کے باپ کی جاگیر ہے، ریاستی ادارے اس ظلم کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سردار آصف نکئی اور ان کے بیٹے سمیت تشدد میں ملوث تمام نامزد ملزمان کو گرفتارکیا جائے۔ خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ الیکشن ڈے پر سردار آصف نکئی نے ہمارے کارکنوں کو ٹھڈے اور تھپڑ مارے اس کی فوٹیج قومی چینلز نے دکھائی مگر افسوس الیکشن کمیشن ٹس سے مس نہ ہوا جس کا نتیجہ اگلے دن بہیمانہ تشدد اور غنڈہ گردی کے نتیجے میں سامنے آیا۔ جنرل کونسلر کے امیدوار اصغر علی نے سردارآصف نکئی کی دھاندلی پر مبنی خط الیکشن کمشنر پنجاب کو لکھا ہے اور کہا ہے کہ ایم پی اے آصف نکئی نے مجھے سیاسی عمل کا حصہ بننے سے روکا۔ بندوق کے زور پر دھاندلی کی اور میرا آئینی بنیادی حق سلب کیا اور قوانین کا مذاق اڑایا۔ لہٰذا یو سی 96 وارڈ 5 پتوکی کا الیکشن کالعدم قرار دیا جائے اور سردار آصف نکئی کے خلاف کارروائی کی جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top