علماء امت مسلمہ کی رہنمائی کیلئے کمر بستہ ہو جائیں، فیض الرحمن درانی

کرپشن اور مایوسی اس لئے ہے کہ انفرادی اور اجتماعی طور خود احتسابی کے عمل کو ترک کر دیا گیا ہے
علماء کردار اور تقویٰ کا پیکر بنیں، جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

لاہور (13 نومبر 2015) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ دینی علم کے وارث علماء کیلئے ضروری ہے کہ وہ جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے امت مسلمہ کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیں۔ آج دینی اقدار اور اسلامی شعار اسی صورت ممکن ہونگے کہ علم و شعور کو عام کیا جائے۔ علماء وطن عزیز میں دین و دنیاوی علوم کو عام کرنے کیلئے ہر طرح کے وسائل برؤے کار لائیں۔ ملک میں پائی جانیوالی جہالت اور بے شعوری کا مقابلہ کرنے کیلئے مساجد، دینی مدارس اور دینی محافل میں قوم کی رہنمائی کیلئے کردار ادا کیا جائے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بے سکونی، کرپشن اور مایوسی اس لئے ہے کہ انفرادی اور اجتماعی طور خود احتسابی کے عمل کو ترک کر دیا گیا ہے، دوسروں کے نقائص بیان کرنا ہمارا قومی مزاج بن چکا ہے جبکہ اپنی ذات کو ہر برائی سے مبرا کر دیا گیا ہے اس لئے برداشت، تحمل، باہمی احترام رخت سفر باندھ رہے ہیں۔ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ دلوں پر روح کی حکمرانی کیلئے نفسانی خوہشات کے خلاف جنگ کا آغاز کرنا ہو گا۔ بطور قوم اپنی صحبتوں کو صالح کریں۔ علماء کرام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاشرے کے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں پائے جانیوالے جزوی و کلی بگاڑ کی اصلاح میں کردار ادا کریں۔ ضروری ہے کہ علماء کردار اور تقویٰ کا پیکر بنیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top