سکھوں کے مقدس مقامات، گردواروں کی حفاظت تعمیر و ترقی ہمارا قومی فریضہ ہے، سہیل رضا

لاہور (20 نومبر 2015) منہاج القرآن انٹر فیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے کہا ہے کہ پاکستان میں سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے پیروکاروں کو انتہائی عزت و احترام اور محبت دی جاتی ہے۔ سکھ مذہب کے مذہبی تہواروں پر بھارت سمیت پوری دنیا سے آنے والے سکھ یاتریوں کا گرمجوش استقبال کیا جاتا ہے۔ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں سکھوں اور دیگر مذہبی اقلیتوں کو ہر طرح کی مذہبی آزادی حاصل ہے۔ سکھوں کے مقدس مقامات، گردواروں کی حفاظت تعمیر و ترقی ہمارا قومی فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بابا گرونانک کے جنم دن (یوم ولادت) کے موقع پر گرمیت سنگھ اور سردار ہربجن سنگھ کی قیادت میں آنے والے ہزاروں بھارتی سکھوں کو واہگہ بارڈر اور ریلوے سٹیشن پر خوش آمدید کہتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں موجود سکھ رہنماء سردار بشن سنگھ، سردار کلیان سنگھ، سردار سرجیت سنگھ، شہزاد رسول، شیخ آفتاب و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ عوامی تحریک مذاہب کے مابین رواداری اور برداشت کے کلچر کو فروغ دے رہی ہے اسی لئے دنیا ہمیں امن کے سفیر کے طور پر جانتی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری وطن عزیزکی تمام مذہبی اقلیتوں کے بنیای حقوق کے تحفظ اور مذہبی رواداری کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top