عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں اسلامیان پاکستان شرکت کرینگے: ڈاکٹر حسین محی الدین

اس عظیم روحانی اجتماع کے سلسلے میں انتظامیہ سے تعاون کی امید ہے، صدر منہاج القرآن
منہاج القرآن 33 سال سے پیغمبر امن و سلامتی کے پیغام توحید کو عام کرنے کے مشن پر گامزن ہے

لاہور (2 دسمبر 2015) تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح امسال بھی ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جشن جوش و خروش سے منایا جائیگا اور مینار پاکستان کے زیرسایہ منعقدہ عظیم الشان عالمی میلاد کانفرنس سے ڈاکٹر طاہرالقادری خطاب کرینگے جس میں لاکھوں اسلامیان پاکستان شرکت کرینگے۔ تحریک منہاج القرآن پیغمبر امن و سلامتی کے پیغام توحید کو عام کرکے دنیا کو امن کاگہوارہ بنانے کے عظیم مشن پر گامزن ہے۔ عالمی میلاد کانفرنس کے حوالے سے انتظامیہ کو آگاہ کر دیا گیاہے۔ اس عظیم روحانی اجتماع کے سلسلے میں تعاون کیلئے پرامید ہیں۔ وہ گزشتہ روز منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، احمد نواز انجم، جی ایم ملک، جواد حامد و جملہ فورمز کے صدور، جنرل سیکرٹریز اور انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن 33 سال سے میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جشن منارہی ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ آج ظلم، جہالت اور جبر کے اندھیروں کو دور کرنے کیلئے دلوں میں عشق مصطفی کی شمعیں روشن کرنے کی ضرورت ہے۔ مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تعلیمات آج بھی دہشت، انتہا پسندی اور استحصال سے نجات کا نسخہ کیمیا ہے۔

اجلاس میں خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں مرکزی میلاد کمیٹی تشکیل دی گئی اس کے علاوہ صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کودعوتی کمیٹی برائے علماء و مشائخ، احمد نواز انجم کو تنظیمات کی رابطہ کمیٹی، بشیر خان لودھی کو استقبالیہ کمیٹی، رانا فیاض احمد خان کو پروٹوکول کمیٹی، ساجد بھٹی کو وی آئی پی انکلوژر کمیٹی، غلام مرتضیٰ علوی کو ڈسپلنری کمیٹی، بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال کو سیکیورٹی کمیٹی، جواد حامد کو سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس، نوراللہ صدیقی کو میڈیا کمیٹی، محمد سعید کو کمیٹی برائے کتب وسٹال، سید امجد علی شاہ کو میڈیکل و ریسکیو کمیٹی اور عبدالستار منہاجین کو سوشل میڈیا کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top