عوامی تحریک کے ڈپٹی چیف آرگنائزر کی فلسطین کے سفیر ولید ابوعلی سے ملاقات

قائداعظم اور پاکستان کی فلسطین کاز سے وابستگی ہمارے لیے تقویت کا باعث ہے: ولید ابوعلی
شہزاد نقوی نے فلسطینی سفیر کو ڈاکٹر طاہرالقادری کا دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے لکھا گیا فتویٰ دیا

لاہور (21 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی چیف آرگنائزر شہزاد نقوی نے اسلام آباد میں فلسطین کے سفیر ولید ابوعلی سے ملاقات کی اور انہیں سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے تحریر کیا گیا 600 صفحات کا ڈاکومنٹ دیا۔ اس موقع پر فلسطینی سفیر نے کہاکہ اسرائیل دنیا کا بدترین دہشتگرد ہے، فلسطینی نہتے عوام صہیونی بربریت کا طویل عرصے سے شکار ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب ہم سب ملکر قبلہ اول میں فتح و نصرت کے ساتھ نماز ادا کریں گے۔ اسرائیل نے دنیا بھر کو اپنے استعماری شکنجے میں جکڑا ہوا ہے، میڈیا سمیت دنیا بھر میں اقتصادیات پر اسرائیل نے پنجے گاڑے ہوئے ہیں، عالم اسلام کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان اور پاکستانی عوام سے فلسطینیوں کا قلبی و ایمانی رشتہ ہے، ہمارا قائداعظم محمد علی جناح سے تعلق قیام پاکستان سے پہلے کا ہے، جب ہمارے مفتی اعظم نے برصغیر پاک و ہند کا دورہ کر کے قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ سے ملاقات کی تھی۔ پاکستان کی قبلہ اول بیت المقدس اور فلسطینی عوام کے ساتھ والہانہ محبت کا عالم یہ ہے کہ سفارتی سطح پر پاکستان کے اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے تعلقات نہیں ہیں، جو انتہائی قابل ستائش عمل ہے۔ فلسطینی سفیر کا کہنا تھا کہ قبلہ اول کی آزادی کیلئے پاکستانی حکومت اور عوام بھرپورجدوجہد کرتے ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔

فلسطینی سفیر نے کہا کہ ڈاکٹرطاہرالقادری ہمیشہ اپنے خطابات میں قبلہ اول اور فلسطینیوں کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں جس سے مجھے اور فلسطینیوں کو بڑی تقویت ملتی ہے۔ اس پر انہوں نے ڈاکٹر طاہر القادری کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فلسطینی طلبہ پاسکتانی یونیوسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں ہم جانتے ہیں کہ ہمیں مزید ایسے مواقع میسر آئیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر شہزاد حسین نقوی نے فلسطینی سفیر کے جذبات اور ان کے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کے بارے میں خیالات پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان عوامی تحریک فلسطینیوں کی جہدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دلی خواہش ہے کہ قبلہ اول کو آزاد دیکھیں اور وہاں انبیا علیہ السلام کی قبور اور مقدسات کی زیارت کر سکیں۔ یروشلم سے مسلمانوں کا دینی اور تاریخی تعلق ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top