ایمنسٹی بل سے معاشی دہشتگردی کو قانونی حیثیت دے دی گئی: ڈاکٹر طاہرالقادری

حکمرانوں نے ’’رشوت لاؤ، مال بچاؤ، لوٹ مچاؤ‘‘ تحریک شروع کردی
تخت لاہور ملک برباد کررہا ہے، پارلیمنٹ زندہ انسانوں کا قبرستان ہے
غیر ملکی بینکوں میں موجود 2 سو ارب ڈالرکا کالا دھن واپس کیوں نہیں لایا جارہا؟

لاہور (22جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمنسٹی بل کی منظوری سے معاشی دہشتگردی کو قانونی حیثیت دیدی گئی، حکمرانوں نے رشوت لاؤ، مال بچاؤ اور لوٹ مچاؤ تحریک شروع کر دی، تخت لاہور ملک برباد کررہا ہے اور پارلیمنٹ زندہ انسانوں کا قبرستان بن کر رہ گئی۔ انہوں نے اپنے ٹیلیفونک خطاب میں پی آئی اے کو کمپنی بنانے کے بل کی منظوری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قومی ادارے ٹھیک کرنے کا نعرہ لگانے والوں نے قومی اداروں پر برائے فروخت کے اشتہار لگا دئیے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے نیب پلی بارگین سے کرپشن اور لوٹ مار کو پروموٹ کررہا تھا اب قومی اسمبلی نے کالے دھن کو سفید کرنے کا کالا قانون پاس کر دیا، معاشی دہشتگردی کا مسلح دہشتگردی سے گہرا تعلق ہے، اگر معاشی دہشتگردی کو ختم نہ کیا گیا تو ڈر ہے آپریشن ضرب عضب کے ثمرات ضائع ہو جائیں گے کیونکہ معاشی دہشتگرد کالعدم تنظیموں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کررہے ہیں۔ ضرورت اس بات کی تھی کہ لوٹا گیا پیسہ واپس لیا جاتا اور معاشی دہشتگردوں کو چوراہوں پر لٹکایاجاتا مگر حکمران ان کیلئے ریلیف پیکیج لارہے ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ میں اسی لیے باربار کہتا ہوں کہ موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے مسلح دہشتگردی ختم ہوگی اور نہ معاشی دہشتگردی ایمنسٹی بل اس کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران غیر ملکی بینکوں میں پاکستانیوں کا پڑا ہوا 2 سو ارب ڈالر کا کالا دھن واپس کیوں نہیں لاتے؟ اگر یہ 2 سو ارب ڈالر جو پاکستان کے عوام کی جیبوں سے نکالے گئے ہیں قومی خزانے میں واپس آ جائیں تو ایک دن کے اندر تمام غیر ملکی قرضے ختم اور پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر ڈیڑھ سو ارب ڈالر سے تجاوز کر جائینگے مگر ایمنسٹی بل کی منظوری کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ منی لانڈرنگ میں ایکسپرٹ حکمران لوٹ مار کے راستے کبھی بند نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ تین ارب ڈالر قرضہ لیکر ٹیکس چوروں اور خزانہ لوٹنے والوں کو ریلیف دینے والے، ملکی ادارے بیچنے والے اور انرجی بحران کو حل کرنے میں ناکام حکمرانوں نے ملکی معیشت کا بھٹہ بٹھادیا، موجودہ حکمرانوں نے معیشت کی بحالی کے نام پر ملکی معیشت کی جڑیں کھوکھلی کردیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ایمنسٹی بل کے کالے قانون کے خلاف احتجاج کریں اور حکمرانوں کو یہ بل واپس لینے پر مجبور کریں، عوام اپنے خون پسینے کی کمائی لوٹ مار کی نذر نہیں ہونے دینگے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top