پولیس وردیوں کی کھلے عام فروخت پر پابندی کا عدالتی فیصلہ خوش آئند ہے: عوامی تحریک

پابندی کے فیصلے سے سنگین جرائم اور دہشتگردی کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی، اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ
ڈاکٹر حسن محی الدین کی اہم قومی ایشو پر مؤثر قانونی چارہ جوئی پرلائرز ونگ کے رہنما کو مبارکباد

لاہور (27 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک لائرز ونگ کے رہنما اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ پولیس کی وردیوں اور دیگر سرکاری سامان کی کھلے عام فروخت کے خلاف دائر رٹ پر عدالتی فیصلے سے سنگین جرائم اور دہشتگردی کے واقعات کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ہر کارکن خواہ وہ علماء کونسل میں ہے، ویمن لیگ میں ہے، یوتھ لیگ میں ہے یا وکلاء ونگ میں وہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف لڑ رہا ہے۔ انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے قانونی، سیاسی، سماجی، مذہبی ہر سطح پر جدوجہد کر رہی ہے۔ 3 ماہ قبل عدالت میں رٹ دائر کی تھی کہ پولیس وردیوں کی کھلے عام فروخت پر پابندی عائد کی جائے کیونکہ یہ سرکاری سامان دہشتگرد اور جرائم پیشہ عناصر اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں،

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنماء و منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے ایک اہم قومی ایشو پر مؤثر قانونی چارہ جوئی کرنے پر عوامی تحریک کے رہنما اشتیاق چو ہدری ایڈووکیٹ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ یہ کام صوبائی حکومت اور اپیکس کمیٹیوں کو کرنا چاہیے تھا جو کام عدلیہ کے تعاون سے اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جرائم اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کا ہر شہری اپنا کردار ادا کر سکتا ہے، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کی مثال سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہاکہ حیرت ہے کہ ایک طرف حکمران قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کا ڈھنڈورا پیٹتے نہیں تھکتے جبکہ دوسری طرف حساس سرکاری اشیاء کھلے عام فروخت ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپیکس کمیٹیاں مذکورہ عدالتی فیصلہ پر عمل درآمد کروائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top