فرقہ پرستی نے ایک امت ہونے کا شیرازہ بکھیر دیا ہے: فیض الرحمن درانی

زندگی کے ہر شعبہ میں مسلم دنیا کے زوال پذیر ہونے کی بڑی وجہ اتحاد کا فقدان ہے
ایسے عناصر کو بے نقاب کرنا ہوگا جو چیزوں کو مبہم اور دھندلا کررہے ہیں: خطبہ جمعہ
مرحوم علامہ غلام رسول سعیدی نے امت مسلمہ کو کثیر علمی تحقیقی سرمایہ عطا کیا
مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اجتماع آج (ہفتہ) بعد نماز عشاء ہوگا: احمد نواز انجم

لاہور (5 فروری 2016) تحریک منہاج القرآن مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ سیاست اور معیشت سمیت زندگی کے ہر شعبہ میں آج کی مسلم دنیا کے زوال پذیر ہونے کی بڑی وجہ اتحاد کا فقدان ہے۔ فرقہ پرستی نے ایک امت ہونے کا شیرازہ بکھیر دیا ہے۔ امت مسلمہ میں کسی مثبت تبدیلی اور انقلاب کے راستے کی رکاوٹ مسلم قیادت کے فرقہ ورانہ رجحانات اور وابستگیاں ہیں۔ اسلامی دنیا میں پھیلی فرقہ واریت اور خانہ جنگی نے نوجوان نسل کو مایوس اور ناامید کر دیا ہے۔ نوجوان مسائل کا حل ڈھونڈنے نکلتے ہیں تو انہیں فرقہ ورانہ تعصب کی راہ دکھا دی جاتی ہے۔ ایسے عناصر کو بے نقاب کرنا ہوگا جو چیزوں کو مبہم اور دھندلا کررہے ہیں، وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

فیض الرحمن درانی نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ملک اور امت کیلئے مثبت کردار ادا کرنے کے متنی ہیں تو انہیں علم نافع کے حصول پر محنت کرنا ہو گی، ریسرچ کو اوڑھنا بچھونا بنانا ہوگا۔ اسلاف کے علوم سے رہنمائی لیکر تجدیدی سوچ کیساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ فیض الرحمن درانی نے دارالعلوم نعیمیہ کراچی کے سربراہ محدث، مفسر علامہ غلام رسول سعیدی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے نماز جمعہ کے بعد ان کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ علامہ غلام رسول سعیدی نے امت مسلمہ کو کثیر علمی تحقیقی سرمایہ عطا کیا۔ ان کے علمی ثمرات سے امت مسلمہ مدتوں فیض یاب ہوتی رہے گی۔

دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ احمد نواز انجم نے کہا کہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا روحانی اجتماع آج (ہفتہ) مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں بعد نماز عشاء ہوگا۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری بذریعہ ویڈیو کانفرنس خصوصی خطاب کرینگے۔ ملک کے نامور نعت خواں آقائے دو جہاں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کرینگے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top