شیخ الحدیث والتفسیر حضرت علامہ غلام رسول سعیدی کی وفات پر ڈاکٹر طاہرالقادری کا اظہار تعزیت

عظیم مفسر و شارح حدیث اور مایہ ناز محققِ اسلام علامہ غلام رسول سعیدی کے انتقال پر قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، قائدین، کارکنان اور تمام وابستگان، اُن کے لواحقین اور چاہنے والوں کے غم میں برابرکے شریک ہیں اور دل کی اتھاہ گہرائیوں سے رنج والم کا اظہار کرتے ہیں۔

علامہ غلام رسول سعیدی رحمۃ علیہ ’العلماء ورثۃ الانبیاء‘ کے کامل مصداق تھے کیونکہ آپ نے اُمتِ مرحومہ کے اُس قرض کو اَدا کیا ہے جو صدیوں سے اس پر فرض تھا۔ مرحوم نے تعریف و تحسین اور لومۃ لائم سے بے نیاز ہوکر دین متین کی وہ خدمت کی ہے کہ بہت کم لوگوں کے نصیب میں ہوتی ہے۔ تبیان القرآن، تبیان الفرقان، نعم الباری شرح صحیح البخاری، شرح صحیح مسلم جیسی ضخیم اور کثیر المجلدات کتب کے ساتھ ساتھ دیگر کئی کتب اُمت کیلئے قابل اِفتخار اثاثہ ہیں اور اُن کا توشۂ آخرت ہے۔ آنے والے وقتوں میں تشنگانِ علم اُن کے وقیع علمی تحقیقی کام سے بے نیاز نہیں ہوسکتے۔

آپ کی تدریسی زندگی پچاس سال پر محیط ہے۔ دنیا بھر میں آپ کے تلامذہ کی کثیر تعداد دین متین کی خدمت پر مامور ہے جو بلاشبہ آپ کے لئے صدقہ جاریہ ہے۔
آپ32 سال تک مسلسل دار العلوم نعیمہ کراچی کے شیخ الحدیث رہے۔ آپ کی وفات پر پیدا ہونے والا خلاء ہمیشہ محسوس کیا جاتا رہے گا۔

مرحوم اہل سنت کا قابل فخر سرمایہ تھے۔ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور اعلی درجات عطا فرمائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top