قومی ایکشن پلان پر عمل سے انکاری حکومت نے نئے محاذ کھول لئے: ڈاکٹر حسن محی الدین

ضرب علم و امن کے ذریعے نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچائیں گے: چیئرمین سپریم کونسل
تحریک منہاج القرآن کی سی ڈبلیو سی سے خطاب، 6 ماہ کے ورکنگ پلان کی منظوری

لاہور (8 فروری 2016) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے مجرمانہ غفلت کی مرتکب حکومت منصوبہ بندی کے تحت نجکاری جیسے نان ایشوز کو ہوا دے کر دہشتگردی کے خلاف جنگ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ تحریک منہاج القرآن نے علم و امن کے فروغ اور انتہا پسندی کے خاتمہ کےلئے اپنا قومی و ملی کردار انجام دیتی رہے گی۔ سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین، صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، خرم نواز گنڈا پور، بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، احمد نواز انجم، میجر (ر) محمد سعید، علامہ رانا محمد ادریس، علامہ فرحت حسین شاہ، سید امجد علی شاہ، فرح ناز، جواد حامد، ساجد بھٹی، مظہر علوی، عرفان یوسف سمیت جملہ فورمز کے سربراہان نے شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری واحد قومی رہنما ہیں جو دہشتگردی، کرپشن، ناانصافی کے خلاف کلمہ حق بلند کر رہے ہیں اور تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک نے کرپشن اور انتہا پسندی سے پاک پاکستان کےلئے قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے فروغ امن کےلئے انجام دی جانے والے علمی و تحقیقی کردار کو سراہا جا رہا ہے جبکہ حکمران تعصب سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں منہاج ویلفیئر، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، یوتھ لیگ اور ویمن لیگ کےلئے آئیندہ کے 6 ماہ کے ورکنگ پلان کی منظوری دی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہاکہ تحریک کے ذمہ داران نوجوانوں میں مطالعہ عام کرنے کی تحریک چلائیں۔ انہوں نے منہاج ویلفیئر کو بھی ہدایت کی کہ وہ دکھی انسانیت کےلئے زیادہ سے زیادہ ویلفیئر کے منصوبے بنائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top