19 فروری کو دنیا بھر میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ منائی جائیگی

مرکزی سیکرٹریٹ میں تقریب 23 فروری کو ہوگی، معروف سیاسی، سماجی، علمی اور مذہبی شخصیات شرکت کرینگی
منہاج یونیورسٹی کے تحت 29 فروری سے 3 مارچ تک ہفتہ تقریبات منایا جائیگا: نائب ناظم اعلیٰ

لاہور (10 فروری 2016) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن احمد نواز انجم نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ اور تحریک منہاج القرآن کے بانی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 19 فروری کو 65 برس کے ہو جائینگے۔ دنیا کے پانچ براعظموں پر پھیلے تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے تنظیمی نیٹ ورک سے جڑا خاندان مختلف ممالک اور شہروں میں 19 فروری کو کیک کاٹ کر ڈاکٹر طاہرالقادری درازی عمر اور صحت کیلئے شکرانے کے نوفل ادا کرینگے۔ دنیا کے 90 ممالک میں عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے اسلامک و کلچرل سنٹرز میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی شخصیت کے مختلف گوشوں کے حوالے سے سیمینارز اور دعائیہ تقاریب منعقد ہونگی، مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تقریب 23 فروری کو ہوگی جس میں ملک کی معروف سیاسی، سماجی، علمی اور مذہبی شخصیات شرکت کرینگی۔ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں 19 فروری کو 65 بکروں کا صدقہ بھی دیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے حوالے سے ہونے والی تقریبات کیلئے تشکیل دی جانیوالی انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

احمد نواز انجم نے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 14 فروری سے 27فروری تک دو ہفتے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی سالگرہ کے حوالے سے خصوصی تقاریب منعقد کی جائینگی جبکہ منہاج یونیورسٹی کے تحت 29 فروری سے 3مارچ تک ہفتہ تقریبات منایا جائیگا۔ انہوں نے قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری کی تجدید دین اور عوام کے حقوق کیلئے سیاسی خدمات انہیں منفرد مقام دلاتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی فکر اور ان کی عملی کاوشوں سے رہنمائی لے کر آگے بڑھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک معاشرے کے پسے ہوئے استحصال زدہ طبقے کے حقوق کیلئے جدوجہد کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی ولولہ انگیز قیادت میں جاری رکھے ہوئے ہے۔

19 فروری تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے کارکنوں کیلئے تجدید وفاکا دن ہے۔ کارکن اس عظیم قیادت کی رہنمائی میں مصطفوی انقلاب کی منزل کو ضرور حاصل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ کے کروڑوں مسلمان ڈاکٹر طاہرالقادری کی علمی، روحانی، تعلیمی، سیاسی اور سماجی خدمات سے استفادہ کررہے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کا عالمگیر پھیلاؤ اور اس کی مؤثریت اس بات کی گواہ ہے کہ 35 سال کے قلیل عرصے میں دنیا اسلام کی سب سے بڑی تحریک کا روپ دھار چکی ہے، یہ سب کچھ ڈاکٹر طاہرالقادری کی تاریخ ساز شخصیت کی بدولت ہے۔ دہشتگردی کے خلاف ڈاکٹر طاہرالقادری کا 600 صفحات کا فتویٰ تاریخی ڈاکومنٹ بن چکا ہے جبکہ فروغ امن نصاب دیکر انہوں نے صدیوں کا قرض چکا دیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top