منہاج القرآن علماء کونسل کے رہنماؤں سے ارتقاء انٹرنیشنل کے وفد کی ملاقات
اتحاد امت و باہمی رواداری کے فروغ کیلئے منہاج القرآن کی
کاوشوں کو سراہتے ہیں: علامہ سجاد مدنی
مادیت کے حملے سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے ریاضت و مجاہدہ کا خوگر بننا ہو گا:
علامہ امداداللہ قادری
لاہور (11 فروری 2016) ارتقاء انٹرنیشنل کے اعلیٰ سطحی وفد نے مفتی علامہ سجاد مدنی کی قیادت میں مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر، ڈاکٹر مسعود احمد مجاہد، علامہ عثمان سیالوی سے ملاقات کی۔ وفد میں مفتی اظہر مدنی، علامہ شہریار مدنی، علامہ اشفاق مدنی شامل تھے۔
علامہ مفتی سجاد مدنی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد امت و باہمی رواداری کے فروغ کیلئے منہاج القرآن کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے دہشتگردی کے خلاف فتویٰ اور نصاب امن سے رہنمائی لیکر دہشتگردی کی فکر کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ اس وقت امت مسلمہ اور انسانیت کو اتحاد و اتفاق کی شدید ضرورت ہے۔ علامہ سجاد مدنی نے واضح کیا کہ ارتقا انٹرنیشنل ملت اسلامیہ کے اتحاد اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے جدوجہد کررہی ہے، کسی سیاسی اور خاص مذہبی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاشرے کے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں پائے جانے والے جزوی و کلی بگاڑ کی درستگی کیلئے کردار ادا کریں، ضروری ہے کہ علماء کردار اور تقویٰ کا پیکر بنیں۔
علامہ امداد اللہ قادری نے کہا کہ منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز معاشرے میں پائی جانے والی مادیت اور بگاڑ کے خلاف اپنا تعمیری کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تحریک منہاج القرآن دینی و احیائی تحریک ہے اور علم کے حصول کا کلچر پیدا کرنے کیلئے بامقصد محنت کو شعار بنا کر مختلف چیلنجز کا مقابلہ کررہی ہے۔ مادیت کے حملے سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے ریاضت و مجاہدہ کا خوگر بننا ہوگا۔ باطنی دنیا میں انقلاب لائے بغیر معاشرے میں مثبت تبدیلی کا عمل کامیاب ہونا ناممکن ہے۔
تبصرہ