قوم کو ظالم نظام کے خلاف سڑکوں پر نکلنا ہو گا: ڈاکٹر حسین محی الدین

مورخہ: 04 مارچ 2016ء

سانحہ ماڈل ٹاؤن، سانحہ بلدیہ جیسے ظلم کی سرپرستی کرنیوالے حکمران ملک اور عوام سے مخلص نہیں
منہاج القرآن کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کااجلاس، ڈاکٹر طاہر القادری ہفتہ کی رات اہم خطاب کرینگے

لاہور (4 مارچ 2016) تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن، سانحہ بلدیہ کراچی سمیت دہشتگردی کی بھینٹ چڑھنے والے ہزاروں پاکستانیوں کی شہادتوں پر خاموشی اختیار کرنے والے حکمران اور انصاف کے ادارے اللہ کے غضب کو دعوت دے رہے ہیں، ظلم پر خاموشی اختیار کرنیوالے ملک اور عوام سے مخلص نہیں۔ پاکستان میں حقیقی امن کے قیام اور انصاف کے نظام کو پروان چڑھانے کیلئے کرپشن اور اس ظالم نظام کے خلاف عوام کو سڑکوں پر نکلنا پڑے گا۔ وہ گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سربراہ عوامی تحریک کل 5 مارچ بروز ہفتہ ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ سے خصوصی خطاب کرینگے۔ اجلاس میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن احمد نواز انجم و تمام شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں نے ظالم نظام کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ جیل کی صعوبتیں اور حکمرانوں کے مظالم برداشت کیے۔ کسی جماعت نے اس ظلم پر مبنی نظام کے خلاف اس طرح جدوجہد نہیں کی جیسے عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں نے کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کا پس منظر سیاسی ہے۔ نااہل اور کرپٹ حکمرانوں نے اپنے اقتدار کی مدت میں اضافہ کرنے اور ملکی اداروں کو الجھانے کیلئے انتہا پسندوں کی پیٹھ ٹھونکی اور ان کی سرپرستی کی تاحال دہشتگردی کے خاتمہ کی جنگ میں نام نہاد جمہوری حکمران دو رخی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن سیاسی اور مذہبی انتہا پسندوں کے خلاف بلاخوف و خطر اپنا دینی، ملی، قومی فریضہ انجام دیتی رہے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top