منہاج ویلفیئر کے زیراہتمام 23 شادیوں کی اجتماعی تقریب 3 اپریل کو ہو گی

مورخہ: 21 مارچ 2016ء

انصار برنی و بیگم انصار برنی مہمان خصوصی ہونگے، انتظامی کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں
19 مسلم اور 4 غیر مسلم جوڑوں کی شادی کرائی جائے گی، سید امجد علی شاہ

لاہور (21 مارچ 2016) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 23 شادیوں کی سالانہ اجتماعی تقریب 3 اپریل کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل کے بالمقابل گراؤنڈ میں ہو گی۔ معروف سماجی رہنما انصار برنی و بیگم انصار برنی مہمان خصوصی ہونگے جبکہ پی ٹی آئی ,پیپلز پارٹی، وحدت المسلمین سنی اتحاد کونسل کے ساتھ ساتھ شوبز اور کھیلوں سے وابستہ اہم شخصیات بھی تقریب میں شرکت کریں گی۔ انتظامات کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے کر تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ قائد عوامی تحریک ڈاکٹر محمدطاہر القادری کی خصوصی ہدایات پر ہونے والی شادیوں کی اجتماعی تقاریب میں اب تک ہزاروں غریب اور بے سہارا بیٹیاں پیا گھر سدھار چکی ہیں۔ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غریب کی بیٹیاں ہاتھوں میں مہندی لگنے کے انتظار میں بوڑھی ہو جاتی ہیں اس اہم سماجی مسئلے کے حل کے لئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مرکزی سطح پرسال میں ایک، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر پورا سال شادیوں کی اجتماعی تقاریب کا اہتمام کرتی ہے۔ ہر دلہن کو دو لاکھ مالیت کا سامان گفٹ میں دیا جاتا ہے۔ فی بارات 60مہمانوں کے لئے کھانے کا انتظام کیا جاتا ہے۔ اس طرح تقریباً دو ہزار سے زائد مہمانوں کیلئے کھانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس سال شادیوں کی اجتماعی تقریب میں 4غیر مسلم جوڑوں کی شادی بھی کرائی جائے گی۔ مسلم جوڑوں کے نکاح پڑھانے کے لئے علماء کرام اور غیر مسلموں کے لئے ان کے مذہبی رہنما موجود ہونگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top