’’پانامہ پیپرز کے فیصلے تک نواز شریف پارٹی کے کسی اور ممبر کو وزیراعظم بنا دیں‘‘

وزیراعظم پارلیمنٹ میں آئیں، وزیراعلیٰ کس حیثیت سے وفاقی وزراء کے اجلاسوں کی صدارت کرتے ہیں؟
ایف آئی اے، نیب اور ایف بی آر کو ایک آزاد آئینی ادارے کا کردار ادا کرنا چاہیے تھا
ناہید خان اور صفدر عباسی کی عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈاپور، میجر (ر) محمد سعید کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو

لاہور (12 اپریل 2016) پانامہ پیپرز کے فیصلے تک میاں نواز شریف استعفیٰ دے کر اپنی پارٹی کے کسی اور ممبر کو وزیراعظم نامزد کریں۔ پوری کابینہ حکمران خاندان کے دفاع تک محدود ہو گئی، امور مملکت بری طرح متاثر ہیں۔ وزیراعظم پارلیمنٹ میں آ کر سوالات کا سامنا کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کس حیثیت میں وفاقی وزراء کے اجلاسوں کی صدارت کرتے ہیں۔ پانامہ لیکس کے حوالے سے ایف آئی اے، نیب اور ایف بی آر کو ایک آزاد آئینی ادارے کا کردار ادا کرنا چاہیے تھا جو نظر نہیں آیا۔ اب وقت آگیا ہے ادارے مضبوط بنائے جائیں اور سیاسی مافیاز سے نجات حاصل کی جائے۔ صرف سیاسی جماعتیں ہی نہیں پوری قوم کو کرپشن اور کاروباری مافیاز کے خلاف اٹھنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کی رہنما ناہید خان اور صفدر عباسی نے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ کے دورہ کے موقع پر خرم نواز گنڈاپور، میجر(ر) محمد سعیداور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

بیگم ناہید خان نے کہاکہ اگر حکمران کلاس نے فوری فیصلے نہ لیے تو ملک انارکی کی طرف چلا جائے گا اور ناقابل اندازہ سیاسی جمہوری بحران جنم لیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کو سزا نہ ملنا اس سسٹم کا المیہ ہے۔ شہداء کے لواحقین کی مرضی سے تفتیش ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری ایک پروگریسو سیاست دان اور دینی سکالر ہیں۔ اسلام کو انتہا پسندی سے الگ کرنے کیلئے ان کی علمی، تحقیقی خدمات کے معترف ہیں۔ سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شریف برادران کے خلاف جو کوئی بھی مزاحمت کرے گا عوامی تحریک اس کے شانہ بشانہ ہو گی کیونکہ شریف برادران ہمارے بے گناہ کارکنوں کے قاتل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز آنے کے بعد میاں نواز شریف کا بطور وزیراعظم برقرار رہنا کسی طور درست نہیں ہے وہ فوراً اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں، اپنے اور خاندان کے اوپر عائد الزامات کا سامنا کریں۔ انہیں پارلیمنٹ میں آ کر جواب دینا چاہیے، ان کا دامن صاف ہے تو چھپنا نہیں چاہیے۔ انہی اپنی دولت کے ذرائع کے بارے میں صاف صاف بتانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آئس لینڈ، کرغیزستان اور یوکرین کے وزرائے اعظم نے کسی سیاسی جماعت کی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں استعفے نہیں دئیے۔ وزیراعظم پاکستان کو اس کی تقلید کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن، ظلم و بربریت کے خلاف ہر تحریک اور جدوجہد میں شانہ بشانہ ہونگے۔ میڈیا کانفرنس سے قبل دونوں رہنماؤ ں نے عوامی تحریک کے رہنماؤں خرم نواز گنڈاپور، میجر(ر) محمد سعیدو پارٹی کے دیگر رہنماؤں سے تفصیلی گفتگو کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

میجر (ر) محمد سعید نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کا ہر شہری پاکستان کو بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ کرپشن کے خاتمے، حقیقی جمہوریت کے قیام اور عوام کے آئینی، جمہوری حقوق کے تحفظ کیلئے تمام محب وطن جمہوری قوتوں کو اکٹھا ہونا ہو گا۔ پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں ساجد بھٹی، شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق، عبدالحفیظ چودھری، راجہ ندیم و دیگر رہنماؤں نے ناہید خان اور صفدر عباسی کا مرکزی سیکرٹریٹ میں استقبال کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top