منہاج القرآن علماء کونسل کا مشاورتی اجلاس، حکمرانوں کی کرپشن کی سخت مذمت
معاشرے کی اصلاح اور شعور کی بیداری کیلئے رہنمائی دینا علمائے
امت کا کام ہے، علامہ امداد اللہ قادری
ملکی استحکام کیلئے علمائے کرام کو کھل کر ریاست بچانے کے نعرے کی حمایت کا اعلان کرنا
ہو گا:سید فرحت حسین
حکومت کا حج اخرجاات میں کمی کا اعلان اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے:علامہ میر
آصف اکبر
لاہور (19 اپریل 2016) منہاج القرآن علماء کونسل کا مشاورتی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں صدر علماء کونسل علامہ امداد اللہ قادری کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی صوبائی اور ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ مشاورتی اجلاس میں حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ یہ ملک کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا تھالیکن گزشتہ 68سالوں سے پاکستان کی روح اور بنیاد کے خلاف اغیار کے ایجنٹ اسلام اور پاکستان کے دشمن حکمران اس ملک پر قابض ہو کر لادینیت پھیلارہے ہیں۔ مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ امداد اللہ قادری نے کہا کہ ملک نازک دور سے گزررہا ہے۔ علمائے کرام اور مشائخ عظام کو کردار حسینی علیہ السلام ادا کرنے کیلئے حجروں اور خانقاہوں سے نکلنا ہو گا۔ معاشرے کی اصلاح اور شعور کی بیداری کیلئے رہنمائی دینا علمائے امت کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے علمائے کرام باہمی اتفاق اور اتحاد کو فروغ دے کر فرقہ واریت اور نفرتوں کا خاتمہ کریں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دنیا میں امن، محبت اور رواداری کے فروغ کیلئے جہدوجہد کررہے ہیں۔ علمائے کرام محراب و منبر کے ذریعے انکی فکر اور لٹریچر کو عوام الناس تک پہنچائیں۔
نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن علامہ سید فرحت حسین شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ علماء و مشائخ وہی کردار دہرائیں جو انہوں نے تحریک پاکستان کے وقت قائداعظم کی قیادت میں ادا کیا تھا۔ ملک بچانے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے کی حمایت ناگزیر ہے۔ ملکی استحکام، عوامی خوشحالی اور اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے علمائے کرام کو کھل کر ریاست بچانے کے نعرے کی حمایت کا اعلان کرنا ہو گاتاکہ ملک سے کرپشن، بدعنوانی، انتہا پسندی، دہشتگردی، مہنگائی سمیت قیادت کے بحران کا خاتمہ ہو سکے۔ مرکزی ناظم علماء کونسل علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو دیدار الٰہی کی خیرات اور حمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تڑپ پیدا کرنا ہو گی۔ تحریک منہاج القرآن عشق مصطفی اور قرآن کا راستہ دکھارہی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی منزل سوئے طور اور گنبد خضریٰ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا حج اخرجاات میں کمی کا اعلان اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے۔ کرپٹ حکمرانوں نے زائرین حرم کو لوٹنے کا ایک اور پیکیج تیارکرلیا ہے۔ حج طبقاتی امتیاز ختم کرنے کیلئے ہے۔ اس کی روح کو سمجھ کر ہی اقدامات کرنا دانشمندی ہوتامگر وزارت مذہبی امور میں بیٹھے لوگ دین کے اہم ترین رکن کی ادائیگی میں بھی مشکلات پیدا کررہے ہیں جو عوام کیلئے اذیت کا باعث ہے۔ حاجیوں کی رہائش، ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے کی سہولتوں پر کوئی بات نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک میں ہر سال عازمین حج کیلئے کرایوں میں کمی اور سہولتوں میں اضافے کا اعلان کیا جاتا ہے جبکہ ہمارے حکمران لٹیرے بن کر کرپشن کا بازار گرم کررہے ہیں۔ زائرین حرم کو مزید سہولتیں اور مراعات دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اجلاس سے مفتی خلیل احمد قادری، علامہ محمد اصغر چشتی، مولانا محمد حنیف طاہر، مولانا اقبال نورانی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ شریف القادری اور علامہ احمد بخش سیالوی نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ