کرپٹ حکمرانوں کو مزید وقت ملا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا: خرم نواز گنڈا پور

حکمران مخدوش اور بو سیدہ عمارت کی طرح ہیں، مسمار کر کے تعمیر نو کی ضرورت ہے
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا وقت آ گیا ہے، وفود سے ملاقات میں گفتگو

لاہور (26 اپریل 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ نااہل اور بدعنوان حکمرانوں کے ہاتھوں ملک کی جڑیں کھوکھلی ہوچکی ہیں، کرپشن دیمک کی طرح ملکی وسائل کو چاٹ رہی ہے، ان حکمرانوں کو مزید وقت ملا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ عوامی تحریک کے کارکن ایک بار پھر جانی ومالی قربانیاں دینے کیلئے تیار ہیں، ٹیکس چوروں، جعلی ڈگری والوں، قرض معاف کرانے والوں اور کرپشن کنگ حکمرانوں نے ملک و قوم کے مستقبل کو تباہی سے دو چار کر دیا، ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈا اس قوم کو بیدار کرنا ہے اور ملک کو سچی، صاف ستھری، کرپشن سے پاک حقیقی جمہوریت کی طرف لانا ہے، وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک ڈیرہ غازی خان، ملتان، میاں چنوں سے آئے وفود سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر فیاض وڑائچ، راؤ عارف رضوی، ساجد محمود بھٹی و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کیلئے عوامی تحریک کی جدوجہد جاری رہے گی، حکمرانوں نے ملک کو بے روزگاری، دہشتگردی، کرپشن، بدعنوانی اور بے انصافی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ملک کو کرپٹ حکمرانوں سے بچانے کیلئے قوم کو میدان عمل میں نکلنا ہوگا۔ وقت آ گیا ہے کہ پوری قوم ملک میں رائج کرپٹ نظام کے خاتمے کیلئے عوامی تحریک کا ساتھ دے، تا کہ ملک کی تقدیر اور غریب کی حالت بدل سکے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن مکاؤ کو یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہو کر خوشحالی کی جدوجہد کا آغاز کرنا ہوگا، غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے نے غریب کی زندگی اجیرن کر دی ہے، ہوشرباء مہنگائی نے قوم سے جینے کا حق چھین لیا ہے، عوامی مسائل کے ذمہ دار نااہل اور کرپٹ حکمران ہیں، موجودہ کرپٹ حکمران مخدوش اور بو سیدہ عمارت کی طرح ہیں جس سے ملک و قو م کو شدید ترین خطرہ ہے، اسے مسمار کر کے تعمیر نو کی ضرورت ہے، کچھ لوگ مرمت سے کام چلانے پر بضد ہیں جو قوم کو ملبے تلے دبانے کا مکروہ اقدام ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا وقت آگیا ہے۔ پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے ٹی او آرز اپوزیشن سمیت ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے مقرر کئے جائیں، ملکی خزانہ لوٹ کر بیرون ملک اثاثے بنانے والوں کا کڑا احتساب ہونا چاہیے۔ کرپشن کے خلاف بلاامتیاز احتساب پر قوم متفق ہے، کرپٹ حکمرانوں نے ڈیمو کریسی کو ڈاکو کریسی میں بدل دیا ہے۔ پانامہ لیکس کے انکشافات میں ن لیگ کو مجرم لیگ بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام اور سیاسی جماعتوں کے محب وطن رہنما کرپٹ حکمرانوں پر دباؤ بڑھائیں اور انہیں مجبور کریں کہ وہ سچ بولیں اور اپنے اثاثے قوم کے سامنے رکھیں تا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے عملی جدوجہد کا آغاز ہو سکے، ورنہ چھوٹو موٹو گینگز بنتے رہیں گے اور قومی دولت لٹتی رہے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top