عابد طاہری کے انتقال پر ڈاکٹر طاہرالقادری و دیگر قائدین کا اظہار تعزیت

مورخہ: 20 مئی 2016ء

مرحوم منہاج القرآن کا جانثار فرزند تھا، اس کی محنت اور مصطفوی مشن سے محبت ہمیشہ یاد رکھی جائیگی:سربراہ عوامی تحریک
منہاج القرآن کے وفد کی نماز جنازہ میں شرکت، ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی

لاہور (20 مئی 2016) تحریک منہاج القرآ ن کے نوجوان رہنما، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز سے فارغ التحصیل مذہبی سکالر علامہ عابد طاہری مختصر علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے علامہ عابدطاہری کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ مرحوم کی دین اسلام کی ترویج و اشاعت اور مصطفوی مشن کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ عابد طاہری تحریک منہاج القرآن کا جانثار فرزند تھا، اس کی محنت اور تحریک سے محبت ہمیشہ یاد رکھی جائیگی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ مرحوم سچا عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تھا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

منہاج القرآن سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری، صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹرحسین محی الدین القادری، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، عوامی تحریک کے سینئر رہنما ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، شیخ زاہدفیاض، بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، احمد نوازانجم، رفیق نجم، ساجد بھٹی، نوراللہ صدیقی، طیب ضیاء، عبدالحفیظ چودھری و دیگر قائدین نے بھی مرحو م کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی۔ دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ سید فرحت حسین شاہ، علامہ غلام ربانی تیمور، شہزاد رسول قادری، عباس نقشبندی، مظہر علوی، ثمر عباس، اقبال مرتضیٰ، علامہ میر آصف اکبر، وقاص قادری، میاں انصر، ڈاکٹر انورمہروی، اکرم نیازی و دیگر مرکزی رہنماؤں نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور قائد عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے مرحوم کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ علامہ عابد طاہری کو ان کے آبائی گاؤں میانوالی میں سپرد خاک کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top