سربراہ عوامی تحریک 15 جون کو لاہور پہنچیں گے، پرتپاک استقبال کی تیاریاں مکمل

مورخہ: 14 جون 2016ء

پہلے ایف آئی آر درج نہ ہوئی، اب انصاف نہیں مل رہا، ڈاکٹر طاہرالقادری
کرپٹ اور نا اہل حکمرانوں نے پاکستان کو دنیا میں تنہا کر دیا، ہیتھرو ائر پورٹ پر گفتگو

لاہور (14 جون 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے پاکستان روانگی سے قبل ہیتھرو ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمار احتجاج اور دھرنا مظلوموں کو انصاف دلوانے کیلئے ہے، اسلام آباد دھرنے سے انقلاب کی بنیاد رکھی جلد ہی عمارت مکمل ہو گی، شہدائے ماڈل ٹاؤن کا دو سال کے بعد بھی انصاف نہیں ملا، مجبوراً سڑکوں پر آ رہے ہیں، انصاف کے ادارے آزاد ہوتے تو سینکڑوں خاندان ظلم کا شکار نہ ہوتے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی پہلی ایف آئی آر درج نہ ہوئی اب 2 سال سے انصاف نہیں مل رہا۔ 17جون کومال روڈ پر آئیندہ کا احتجاجی لائحہ عمل دونگا، حکمرانوں کی کوئی اقدار نہیں ان کا ایجنڈا صرف ملک لوٹنا ہے۔ سربراہ عوامی تحریک کل صبح 15 جون 8 بجے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچیں گے جہاں ان کا کارکنوں کی طرف سے پر تپاک استقبال کیا جائے گا۔ سربراہ عوامی تحریک لاہور ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرنے کے بعد اپنی رہائش گاہ کی طرف روانہ ہونگے۔

انہوں نے کہاکہ کرپشن، نا اہلی اور سفاکیت موجودہ حکمرانوں کی شناخت ہے، حکمرانوں کی نا ہلی سے پاکستان دنیا میں تنہا ہو رہا ہے۔ کرپشن کی وجہ سے دیوالیہ اور سفاکیت کی وجہ سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے شکار ممالک کی فہرست میں شامل ہے، انہوں نے کہاکہ عوام جتنی جلدی موجودہ حکمرانوں اور نظام سے نجات حاصل کر لیں گے اتنا ہی ملک و قوم کیلئے اچھا ہو گا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے پاک افغان بارڈر پر شہید ہونیوالے میجر علی جواد کی شہادت پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر سیکیورٹی سسٹم کو مضبوط کرنا پاکستان اور افغانستان دونوں کے تحفظ اور سالمیت کیلئے انتہائی اہم ہے۔ دونوں برادر اسلامی ممالک سازشوں پر نظر رکھیں، ایک دوسرے کے حریف بننے کی بجائے مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کریں۔ انہوں نے میجر علی جواد کیلئے دعائے مغفرت اور انکے ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کا خصوصی اجلاس ڈاکٹر حسن محی الدین کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائر پورٹ پر استقبال، سیکیورٹی کے حوالے سے غور و خوص کیا گیا، خواتین بھی استقبال کیلئے لاہور ائر پورٹ پہنچیں گی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے بتایا کہ دھرنے کے انتظامات کیلئے 17 کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں، اجلاس میں بریگیڈئر (ر) محمد اقبال، خواجہ عامر فرید کوریجہ، فیاض وڑائچ، احمد نواز انجم، نور اللہ صدیقی، ساجد بھٹی، فرح ناز، مظہر علوی، عرفان یوسف و دیگر نے شرکت کی۔

دریں اثناء ڈاکٹر حسن محی الدین نے مال روڈ کا دورہ کیا اور سٹیج، شرکاء اور پنڈال کے حوالے سے بریفنگ لی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top