تحریک قصاص، عوامی تحریک کے وفد کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں

مورخہ: 17 اگست 2016ء

لاہور (17 اگست 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت پر عوامی تحریک لاہور کے رہنماؤں نے اپوزیشن جماعتوں کو 20 اگست لاہورکے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ یہ دعوت عوامی تحریک کے 3 رکنی وفد میں شامل عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل، امیر لاہور حافظ غلام فرید اور نائب صدر عباس خان نے دی۔ وفد نے گزشتہ روز جماعت اسلامی کے رہنما حافظ سلیمان بٹ، ق لیگ کے رہنما میاں محمد منیر، پیپلز پارٹی کے رہنما ایم پی اے خرم جہانگیر وٹو اور مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ حسن ہمدانی اور پاکستان کسان اتحاد کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور انہیں قصاص و سالمیت پاکستان تحریک احتجاج میں شرکت کی دعوت دی۔ تمام جماعتوں کے رہنماؤں نے ملاقات میں عوامی تحریک کے وفد کو کارکنوں سمیت اپنی شرکت کا بھرپور یقین دلایا۔ وفد نے پاکستان کسان اتحاد کے چیئرمین چودھری انور اور راؤ طارق اشفاق سے بھی ملاقات کی۔ حافظ غلام فرید نے پی ٹی آئی کی ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور انہیں بھی احتجاج میں شرکت کی دعوت دی۔ رہنماؤں نے بتایا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے عوامی تحریک کے وفد کو یقین دلایا ہے کہ وہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے ساتھ ہیں اور ہم ڈاکٹر طاہرالقادری کے انصاف کے مطالبہ کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک طاقتوروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا جائیگا تب تک عام شہریوں پر انصاف کے بند دروازے نہیں کھلیں گے۔ چودھری محمد افضل اور حافظ غلام فرید نے احتجاج میں شرکت کی دعوت قبول کرنے پر رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top