پانامہ لیکس کے احتساب اور ماڈل ٹاؤن کے قصاص سے پاکستان مضبوط ہو گا، عوامی تحریک
ڈاکٹر طاہرالقادری کی جنگ نا انصافی، کرپشن اوردہشتگردی کے خلاف
ہے، مقررین
بانی پاکستان کے یوم وفات پر عوامی تحریک کے زیراہتمام ’’کیا یہ قائد کا پاکستان ہے‘‘
کے عنوان سے سیمینار
لاہور (11 ستمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے 68 ویں یوم وفات کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ سیمینار ’’کیا یہ قائد کا پاکستان ہے؟ ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پانامہ لیکس کے احتساب اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص سے قائد کا پاکستان مضبوط ہو گا، ڈاکٹر طاہرالقادری کی جنگ نا انصافی، کرپشن اوردہشتگردی کے خلاف ہے۔ کرپشن کے خاتمے اورسانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ احتجاج کا طریقہ تو جدا ہو سکتا ہے مگر مذکورہ قومی ایشوز پر کسی میں کوئی اختلاف نہیں۔ کرپشن، نا انصافی اور ابن الوقتی نے قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان کونا قابل تلافی نقصان پہنچایا۔ سیمینار سے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، احمد نواز انجم، جی ایم ملک، سہیل رضا، شہزاد رسول، مظہر علوی، علامہ میر آصف اکبر نے سیمینار سے خطاب کیا۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ آزادی کے مہینے میں قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے گھر پاکستان کو گالی دی گئی مگر قائد اعظم کی مسلم لیگ کے نام پر برسر اقتدار ٹولے نے خاموش رہ کر قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی روح اور 19 کروڑ عوام کے قومی جذبات کو مجروح کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا انقلابی ایجنڈا قائد اعظم کے سیاسی نظریات اور فکر سے عبارت ہے۔ عوامی تحریک کے کارکن نا انصافی، دہشتگردی اور کرپشن کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔
احمد نواز انجم نے کہا کہ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ نے غریب کیلئے پاکستان بنایا مگر غریب آج بھی دربدر ہے۔ ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک لے جانیوالوں کا قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی فکر اور خوابوں سے کوئی تعلق نہیں۔
جی ایم ملک نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری مذہب اور عقیدے کے نا م پر دہشتگردی کرنے والی خارجی فکر کے خلاف جہاد کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کرنیوالے درحقیقت خارجی فکر کو مضبوط کر رہے ہیں۔
سہیل احمد رضا نے کہا کہ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ نے پاکستان سب کیلئے بنایا ان میں اقلیتیں بھی شامل تھیں مگر اقلیتوں کے ساتھ نواز حکومت کا رویہ تعصب پر مبنی ہے۔ سانحہ جوزف کالونی ہو، کوٹ رادھا کشن یا سانحہ سمبڑیال کے مجرموں کو تا حال سزائیں نہیں ملیں۔ آرمی چیف نے یوم دفاع کے موقع پر درست کہا کہ نظام انصاف کی اصلاح ہونی چاہیے۔
شہزاد رسول نے کہا کہ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان میں پانامہ لیکس جیسے جرائم کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ مظہر علوی نے کہا کہ مزدوروں کی حالت قیام پاکستان سے پہلے والی ہے، جوظلم ہے، غریب کا بچہ آج بھی تعلیم، روزگار سے محروم ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کی سب سے زیادہ یوتھ فورس پاکستان کے پاس ہے مگر کوئی ویژن اور سٹریٹیجی نہ ہونے کی وجہ سے یہی یوتھ جرائم اور دہشتگردی کا ذریعہ بن رہی ہے، اسکے ذمہ دار نا اہل اور نیم خواندہ حکمران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ نے یوتھ کی مدد سے پاکستان بنایا اور پاکستان اب یوتھ کی مدد سے ہی ترقی کے زینے طے کرے گا۔
سیمینار کے اختتام پر بانی پاکستان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔
تبصرہ