امن، سکون، چین اور راحت کیلئے سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شخصیت کو رول ماڈل بنانا ہو گا : حاجی امد اد اللہ قادری

خلیفہ دوم سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا شمار ان رہبروں میں ہوتا ہے جو لوگوں کیلئے زندگی کے اصول وضع کرتے تھے
حکمران سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی سیرت و نظریات سے رہنمائی حاصل کریں، فکری نشست سے خطاب

لاہور (3 اکتوبر 2016) منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ امداد اللہ قادری نے کہا ہے کہ آج مسلمان دور فاروقی کی طرح امن، سکون، چین اور راحت چاہتے ہیں تو سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شخصیت کو رول ماڈل بنانا ہو گا۔ امیر المومنین سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی حیات طیبہ اسلامی تاریخ کا وہ روشن باب ہے جس سے اسلامی تاریخ جگمگا رہی ہے۔ خلیفہ دوم سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا شمار ان رہبروں میں ہوتا ہے جو لوگوں کیلئے زندگی کے اصول وضع کرتے تھے اور پھر لوگ اپنی زندگیوں میں ان کے اقوال و اعمال سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔ آج ملت اسلامیہ کو ایسے حکمرانوں کی ضرورت ہے جو صحابہ کرام کے نقش قدم پر چلیں تا کہ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی سیرت و نظریات سے رہنمائی حاصل کی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرید مل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں خلیفہ دوم کے یوم شہادت کے موقع پر منعقدہ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

فکری نشست سے ڈپٹی ڈائریکٹڑ فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ رانا محمد فاروق، علامہ آصف اکبر، علامہ رانا محمد ادریس نے بھی خطاب کیا جبکہ اس کوموقع پر علامہ محمد حسین آزاد اور علامہ لطیف مدنی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ ممتاز صدیقی، علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ مفتی خلیل احمد، علامہ رفیق رندھاوا و دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی سیاسی بصیرت کا نتیجہ تھا کہ جیسا امن اور عدل و انصاف انکے زمانے میں رہا اسکی نظیر نہ اس سے پہلے پائی گئی اور نہ ہی بعد میں نظر آئی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ رانا محمد فاروق نے کہا کہ مراد مصطفی خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ وہ عظیم شخصیت ہیں جنکی اسلام کیلئے خدمات، عدل و انصاف اور شاندار فتوحات تاریخ کا حصہ ہیں۔ آپ رضی اللہ عنہ کا سنہرا دور خلافت مسلمانوں کی بے مثال فتوحات، ترقی و عروج کا زمانہ تھا۔ انہوں نے کہاکہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی سیرت و کردار، اخلاق اور سیاست صرف اسی دور کیلئے نہ تھی بلکہ آج بھی اگر اس عظیم دور کے قوانین پر عمل کیا جائے تو وہی برکات اور نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top