محرم الحرام کا پیغام اتحاد بین المسلمین ہے : تحریک منہاج القرآن

امام حسین علیہ السلام کی جدوجہد دین کو یزیدی فکر اور فرسودہ نظام سیاست سے بچانے کیلئے تھی
نواسہ رسول علیہ السلام نے دین اسلام، انسانی اقدار اور عوامی حقوق کیلئے جہاد کیا
منہاج القرآن کے زیراہتمام ’’فکر سیدنا امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ سے سردار شاکر مزاری، علامہ میر آصف اکبر کا خطاب

لاہور (04 اکتوبر 2016) تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر مزاری نے کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت اسلام اور انسانیت کی بقا کیلئے تھی۔ آپ علیہ السلام کی جدوجہد دین محمدی کو یزیدی فکر اور فرسودہ نظام سیاست سے محفوظ رکھنے کیلئے تھی۔ امام حسین علیہ السلام کی جدوجہد دین اسلام کیلئے، انسانی اقدار اور عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے تھی، نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جدوجہد بلا تفریق مذہب و مسلک پوری انسانیت کیلئے تھی۔ محرم الحرام ہمیں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی شہادتوں کے ساتھ ساتھ انکے مشن اور جدوجہد کی طرف بھی متوجہ کرتا ہے، ظلم کے سامنے ڈٹ جانا اور ظالم و جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنا درس کربلا ہے۔ وہ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ’’فکر سیدنا امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس میں علماء، مشائخ اور محبان اہل بیت کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سردار شاکر مزاری نے کہا کہ حسینی امن پسندی نے یزیدی دہشتگردی کو شکست دی۔

منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر نے کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور جگر گوشہ بتول حضرت امام حسین علیہ السلام اور انکے گھرانے کی کربلا کے تپتے ہوئے صحرا میں شہادت ہوئی۔ خاندان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی مقدس جانوں کا نذرانہ دے کر دین اسلام کو بچا لیا۔ محرم الحرام عبادت، ایثار، تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے۔ ماہ مقدس میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سب کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ امام حسین علیہ السلام نے آمریت اور ملوکیت کے خلاف جہاد کیا۔ محرم کا پیغام اتحاد بین المسلمین ہے۔ اُسوہ شبیری کو اپنی ذات اپنے خاندان اور سو سائٹی پر پوری طرح نافذ کرنا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top