پنجاب حکومت تعلیم کی فراہمی کی آئینی ذمہ داری سے جان نہیں چھڑا سکتی: عوامی تحریک پنجاب

عوامی تحریک اتوار کو تعلیمی شعبہ کی کارکردگی سے متعلق حقائق نامہ جاری کرے گی: فیاض وڑائچ
25 سو سرکاری سکول نجی شعبہ کو دئیے جا چکے، مزید 25 سو کیلئے درخواستیں مانگ لی گئیں

لاہور (8 اکتوبر 2016) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ عوامی تحریک اتوار 9 اکتوبر کو تعلیمی شعبہ کی کارکردگی سے متعلق حقائق نامہ جاری کرے گی۔ قوم کے بچوں کے تعلیمی مستقبل کو علم فروش مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ حکمران معیاری تعلیم کی فراہمی کی آئینی ذمہ داری سے جان نہیں چھڑاسکتے۔ 25 سو سرکاری سکول نجی شعبے کو دئیے جا چکے مزید 25 سو کیلئے درخواستیں مانگ لی گئیں۔

سرکاری سکول نجی شعبے کو دینا مسئلہ کا حل نہیں۔ نجی شعبہ کو ریگولیٹ کرنا اصل مسئلہ اور چیلنج ہے۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف،  سیکرٹری جنرل رانا تجمل اور یونس نوشاہی سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو وجود میں آئے 69 سال گزر گئے مگر حکومتیں نجی شعبہ کو ریگولیٹ نہ کر سکیں۔ نجی شعبہ خواہ وہ انگلش میڈیم سکول ہوں یا مدارس وہاں بچوں کو کیا پڑھایا جارہا ہے اور اساتذہ کس اہلیت اور صلاحیت کے حامل ہیں اور نجی سکول مروجہ قوانین کو پوار کررہے ہیں یا نہیں، اس سب کی مانیٹرنگ حکومت کی ذمہ داری ہے مگر افسوس حکومتوں نے اپنی ذمہ داری کو پورا نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پنجاب کے عوام کا پالا ایک ایسے وزیراعلیٰ سے پڑا ہوا ہے جس کی پہلی اور آخری ترجیح غیر ملکی بسوں کے ناکام اور فلاپ منصوبوں کو پنجاب کی معیشت پر مسلط کرنا اور پنجاب کے عوام کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھ کر لاہور میں پل اور سڑکیں بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک اور منہاج القرآن علم اور امن کی تحریک ہے۔ تعلیمی اصلاحات کیلئے کوئی لانگ مارچ بھی کرنا پڑا تو کرینگے۔ فیاض وڑائچ نے ایم ایس ایم کے 22 ویں یوم تاسیس پر مرکزی صدر عرفان یوسف کو مبارکباد دی اور سیدہ زینب سلام اللہ علیہا  کے حوالے سے سیمینار کے کامیاب انعقاد پر ویمن لیگ کو بھی مبارکباد دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top