تاجر معیار اور جائز منافع کو اپنا شعار بنائیں: ڈاکٹر حسین محی الدین

اسلامی نظام معیشت اور معاشرت بقائے انسانیت کیلئے ہے، صدر منہاج القرآن کی تاجروں سے گفتگو

لاہور (28 اکتوبر 2016) تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا ہے کہ تاجر ملکی معیشت کے استحکام کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ صنعتکار اور تاجر معیار اور معقول منافع کو اپنا شعار بنائیں۔ ایمانداری، راست گوئی اور توازن اسلامی معیشت کی بنیاد ہے۔ ان خیالات کا اظہا انہوں نے صنعتکاروں اور تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج بد قسمتی سے ہر شعبہ ہائے زندگی اسلامی آئیڈیالوجی سے خالی ہو چکا ہے۔ اسلامی نظام معیشت اور معاشرت میں ہر سر گرمی بقائے انسانیت اور خدمت انسانیت کیلئے ہے۔ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، اس کے سنہری اصول 14 سو سال بعد بھی قابل عمل اور مسائل کا حل ہیں۔ سوشل ازم ہو یا کیمونزم کسی نظام کی عمر دو سو سال سے زیادہ نہیں، جبکہ اسلا م کا معاشی نظام قیامت تک کیلئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام کا معاشی نظام عدل و انصاف پر قائم ہے۔ اسلام نے آجر اور اجیر دونوں کے حقوق کا تعین کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج بھی اگر زکوۃ کا نظام اسلامی روح کے مطابق نافذ کر دیا جائے تو ہر قسم کی ٹیکسیشن ختم کر دینے کے باوجود ہر شہری کی تعلیم، صحت، خوراک رہائش کی ضرورتیں ریاست پوری کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تاجر اگر خود کو جائز منافع تک محدود کر لیں تو کوئی بھوکا کھائے بغیر نہیں سوئے گا۔ انہوں نے کہاکہ تاجر اللہ کی خوشنودی، بقائے انسانیت کیلئے خود کو حلال اور جائز منافع تک محدود کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top