شعبہ صحافت سے وابستہ طالب علم اور پروفیشنلز پاکستان کا امیج بہتر بنانے کیلئے کام کریں: ڈاکٹر حسین محی الدین

منہاج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ ماس کمیونیکیشن کے طلباء و طالبات کے درمیان ڈاکومنٹریز بنانے کا مقابلہ
اول، دوئم، سوئم انعام حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے

لاہور (7 نومبر 2016ء) تحریک منہاج القرآن کے صدر اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین نے ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے طلباء و طالبات کے مابین ڈاکومنٹری بنانے کے مقابلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت کے شعبہ سے وابستہ طالب علم اساتذہ، صحافتی کارکن، اینکرز، رپورٹرز اور کالم نویس پاکستانیت کو فروغ دینے کیلئے اپنی تخلیقی صلاحتیں بروئے کار لائیں۔ علم و تحقیق، ثقافت، تاریخ اور بین الاقوامی ورثہ کے محافظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے گلدستے پاکستان کے امیج کو بگاڑا جارہا ہے۔ اس منفی مہم کا حب الوطنی کے جذبے سے سرشار اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے توڑ کیا جائے۔

ڈاکومنٹریز کے اس مقابلے میں پہلا انعام The land of equality بنانے والی طالبات زہرہ اور طلعت نصیر کو ملا۔ دوسرا انعام The heores  کو ملا جو مبشر لیاقت نے تیار کی۔ ڈاکومنٹری The Terrorist کو تیسرا انعام ملا جو عثمان خان اور مزمل اجالا نے تیار کی۔ ڈاکومنٹری کے مقابلے میں طلبا و طالبات نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے پر بھی ایک مختصر فلم بنائی جسے شرکائے تقریب نے بے حد سراہا۔ جیوری میں سینئر صحافی راحت بابر اور سینئر صحافی علی طاہر مغیث شامل تھے جبکہ ڈاکومنٹریز کے اس مقابلے کو آرگنائز کرنے والوں میں ایم یو ایل کے لیکچرز، ندیم ربیرا سعید اور خرم خورشید شامل تھے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اسلم غوری، رجسٹرار کرنل محمد احمد خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سہیل رضا اور مہندرا سنگھ سمیت مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

ڈاکومنٹری کی تیاری کے اس منفرد مقابلہ پر راحت بابر نے کہا کہ ڈاکٹر حسین محی الدین نے طلباء و طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ شعبہ صحافت بالخصوص الیکٹرانک میڈیا کی صنعت کو تکنیکی اعتبار سے مضبوط اور ہنر مند افرادی قوت مہیا کرنے کی اہم ذمہ داری اپنے کندھوں پر لی ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ منہاج یونیورسٹی صوبہ بھر کے طلباء و طالبات کے درمیان ایسے مقابلوں کو ہوسٹ کریں یہ ان کی ایک عظیم خدمت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بین الاقوامی بھائی چارہ، محبت، برداشت کو فروغ دینے والے لوگ ہیں مگر امن اور انسانیت کے دشمن اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے پاکستان پر دہشت گردی کا لیبل چسپاں کررہے ہیں۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا کہ ماس کمیونیکیشن کے طلباء و طالبات نے اپنے ابتدائی تخلیقی کام میں پاکستان کے بین الاقوامی امیج کو بہتر بنانے کا ایک روڈ میپ دیا ہے، یہ اتنا معیاری کام ہے جسے فخر کے ساتھ نیشنل میڈیا پر پیش کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تخلیق اور تحقیق کا یہ سفر جاری رہنا چاہیے۔ تقریب سے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم غوری، رجسٹرار کرنل (ر) محمد خان نے بھی خطاب کیا اور اول، دوئم، سوئم آنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دی۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے اول، دوئم، سوئم آنے والوں کو شیلڈز اور نقدی انعامات دئیے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top